ساہیوال):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اسامہ مجید چیمہ نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جس کیلئے سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہر صورت متحرک، فعال اور ذمہ دار کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ عام شہری کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ وہ یہاں منٹگمری ہال میں ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیواسامہ مجید چیمہ نے ہدایت دی کہ روزانہ کی بنیاد پر بازاروں، مارکیٹوں اور دکانوں کا دورہ کیا جائے اور نرخ ناموں کی جانچ پڑتال کے ساتھ ساتھ مقررہ قیمتوں پر اشیاء کی فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے افسران کو تنبیہ کی کہ صارفین سے بدتمیزی، مبہم نرخ ناموں یا ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے جیسے عوامل کے ساتھ ساتھ روٹی کی مقررہ وزن اور قیمت پر فراہمی کو بھی سنجیدگی سے لیا جائے اور فوری ایکشن کیا جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے تمام مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ ہر کارروائی کی تصویر اور تفصیل روزانہ کی بنیاد پر محکمانہ واٹس ایپ گروپ میں شیئر کی جائے تاکہ شفافیت اور جواب دہی کا نظام مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ فرض صرف انتظامی کارروائی تک محدود نہیں بلکہ یہ عوامی خدمت کا ایک اہم پہلو ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بنیادی اشیاء مناسب نرخوں پر مہیا کرنا ہےاور اس قومی ذمہ داری میں سستی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
