ساہیوال:ساہیوال ڈویژن میں اب تک 88ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر کپاس کاشت کی جاچکی ہے جو پچھلے سال کے اسی عرصے کے دوران 70ہزار ایکڑ پر کاشت ہوئی تھی۔ یہ کاشت مقررکردہ ہدف کا80فی صد ہے جو ایک لاکھ 10ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا تھا۔ یہ بات کمشنر آفس میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں بتائی گئی جس میں کپاس کی کاشت کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی جبکہ اس میں متعلقہ محکموں زراعت، کراپ رپورٹنگ، اریگیشن، سیڈ کارپوریشن کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں کپاس کی کاشت کا ہدف72ہزار ایکڑ مقرر ہے جس میں سے62937ایکڑ پر فصل کاشت ہوئی جو ٹارگٹ کا87فی صد ہے۔ اسی طرح ضلع اوکاڑہ میں 15ہزار ایکڑ ہدف کے مقابلے میں 10525ایکڑ پر کپاس کاشت ہوئی جو ہدف کا70فی صد ہے جبکہ ضلع پاک پتن میں 23ہزار ایکڑ ہدف کا64فی صد حاصل کیا گیا جو 14623ایکڑ ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ فصل کی بڑھوتری کے دوران کسانوں سے قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ اس اہم فصل کو نقصان دہ کیڑوں سے بچایا جاسکے۔ چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ 20مئی سے27مئی تک ڈویژن بھر میں پیسٹ سکاوٹنگ کی گئی جس کے لئے77ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن میں سے23ضلع ساہیوال،24ضلع اوکاڑہ اور 30ٹیمیں ضلع پاکپتن میں تشکیل دی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان ٹیموں کی جانب سے ساہیوال میں 1788ایکڑ، اوکاڑہ میں 1510اور پاکپتن میں 2895ایکڑ کپاس کو چیک کیا گیا لیکن کہیں سے بھی سفید مکھی، تیلا، تھرپس وغیرہ برآمد نہیں ہوا۔
