کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا پاک پتن چوک میں تجاوزات کا نوٹس

Spread the love

ساہیوال:کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا پاک پتن چوک میں تجاوزات کا نوٹس، پاک پتن چوک سے تمام تجاوزات فوری ختم کروانے کی ہدایت، شربت بازار میں کوئی ریڑھی نہ لگے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ پاکپتن بازار میں ٹف ٹائل لگانے کا کام تیز کیا جائے اور کام کی کوالٹی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے ریلوے روڈ بس سٹینڈ پر صفائی کی ناقص صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اڈے میں صفائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی حکام کو شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کوڑے سے بھرے کنٹینرز بھی ساتھ ساتھ خالی کئے جائیں۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے بتایا کہ فریدیہ پارک روڈ، طارق بن زیاد کالونی اور بھٹہ چوک میں سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ بعدازاں کمشنر شعیب اقبا ل سید نے صدر بازار، دیپالپور بازار اور پاک پتن بازار کا دورہ کیا اور بازاروں کو ماڈل بنانے کے لئے جاری کام کاجائزہ لیا۔ انہوں نے دوکانداروں کو اپنی حدود میں سامان رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زیر تعمیر ڈرین اور پولز کے لئے کی گئی کھدائی میں کوڑا کرکٹ نہ پھینکا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈرین کے کام کو تیز کیا جائے اور کام کے دوران حفاظتی اقدامات ضرور کئے جائیں۔ انہوں نے دوکانداروں سے اپیل کی کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ماڈل بازاروں کا کام جلد مکمل ہوسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں