اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود

Spread the love

ساہیوال: ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران ضلع میں گراں فروشی کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں 70 ہزار سے زائد معائنہ جات کیے گئے، 2 لاکھ 31 ہزار جرمانہ،16 دکانوں کو سربمہر جبکہ143 افراد کو حوالہ پولیس کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ عید الاضحےٰ سے قبل وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا معائنہ کریں تاکہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ سرکاری نرخوں پر فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے سختی سے ہدایت کی کہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں پیاز، ٹماٹر، آلو، لہسن، ادرک، ہری مرچ، لیموں، دھنیا، پودینہ سمیت دیگر بنیادی اشیاء کی قیمتیں آئندہ ہفتے اور عیدالاضحی کے دوران سرکاری نرخنامے سے ہرگز تجاوز نہ کریں اورقیمتوں میں اضافے کی بجائے عید سے قبل رسد بڑھانے پر توجہ دی جائے تاکہ صرف عید کی بنیاد پر مصنوعی مہنگائی سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں