ساہیوال: وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ افسران عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ملک اور شہریوں کی خدمت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پاکستان مسلم لیگ (ن) حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس کے منٹگمری ہال میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ممبران صوبائی اسمبلی ملک محمد ارشد، پیرولائت شاہ کھگہ، رانا ریاض احمد، سابق ایم این اے چوہدری محمد اشرف، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ڈی پی او رانا طاہر الرحمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل سمیت تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پسپ پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کام کی سست روی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ منصوبے میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے اور اسے ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے پارکوں کی صفائی کی جائے اور وہاں فوڈ سٹریٹ اور دکانیں بنائی جائیں تاکہ حکومت اور عوام کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی میپکو سے متعلقہ شکایات کے فوری حل کے لئے میپکو کمپلینٹ سیل قائم کیا جائے گا۔ ممبر صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک نے جی ٹی روڈ اور پاک پتن چوک سے بائی پاس تک جاری کام کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق شہر میں دو نئے پارک گرین ٹاؤن پارک اور پیپلز کالونی میں پارک بنائے گئے ہیں انہیں جلد فعال کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارکوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کے انتظامات بھی کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے چالان کئے جائیں اور سیف سٹی پراجیکٹ کو بھی جلد فعال کیا جائے۔ انہوں نے ہائی وے کی جانب سے مرمت کی گئی سڑکوں کو دوبارہ چیک کروانے اور تجاوزات کے خاتمہ کا بھی مطالبہ کیا۔ ایم پی اے پیرولائت شاہ کھگہ نے نورشاہ کالج کی تعمیر، اور 76/5Rمیں بند کھال کا مسئلہ حل کرکے گاؤں کو پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نورشاہ۔گیمبر روڈ کی کوالٹی کے حوالے سے عوامی شکایات کو بھی فوری دور کیا جائے۔ ممبر صوبائی اسمبلی رانا ریاض احمد نے ایم سی سکول چیچہ وطنی میں ٹف ٹائل کا کام جلد شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ تمام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور کوالٹی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک پتن چوک سے بائی پاس تک جاری کام کو جلد مکمل کرنے کے لئے مشینری اور ورکرز کی تعداد بڑھائی جائے گی اور دن اور رات کی شفٹوں میں کام کیا جائے گا۔ ڈی پی او رانا طاہر الرحمن نے ضلع میں لاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ ضلع میں لاء اینڈ آرڈر کا کوئی سنگین واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ عید الضحیٰ اور منڈیوں کے حوالے سے سکیورٹی پلان کی تیاری جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جرائم کی روک تھام کے لئے ساہیوال میں سیف سٹی پراجیکٹ کو جلد فعال کردیا جائے گا جبکہ یہ منصوبہ چیچہ وطنی میں بھی جلد شروع ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے مویشی منڈیوں میں شہریوں کو مکمل مالی تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 29202ملین کی لاگت سے212سکیموں پر کام جاری ہے۔لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی 78سکیموں میں سے33مکمل ہوچکی ہیں جبکہ55پر کام جاری ہے۔ وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ نے جاری منصوبوں پر تمام کام 15جون تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
