وزیرآباد(ملک سکندر) جماعت اہلسنت پاکستان وزیرآباد کے زیر اہتمام اور زیر انتظام علامہ پیر محمد حماد الدین صدیقی درس بخاری شریف مرکز خیر عید گاہ روڈ بھٹی کے شریف میں انعقاد کیا گیا جس میں معروف عالم دین صاحبزادہ علامہ پیر غلام بشیر نقشبندی آستانہ عالیہ باولی شریف،صاحبزادہ علامہ محمد حماد الدین صدیقی،علامہ محمد عمران کیلانی،صاحبزادہ حافظ محمد وقاص احمد صدیقی،علامہ سید احمد رضا شاہ،غلام مصطفی،ملک محمد ظفر کلیارسمیت علماء کرام،معززین اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔صاحبزادہ پیر غلام بشیر نقشبندی نے کہا کہ بنیان مرصوص قرآن کی آیت سورہ صف سے لیا گیا ہے قرآن میں جو بنیان مرصوص آیا ہے وہ حالت جنگ کیساتھ ہے جبکہ جو حدیث مبارکہ میں آیا ہے حضور نبی کریم ؐ نے ایمان ساتھ کا ذکر کیا ہے،قرآن میں جو لفظ بنیان مرصو ص آیا ہے یہ جنگ کا نام رکھا گیا ہے لیکن یہ شرعاً جائز ہے،قرآن نے صحابہؓ کی سیرت بیان کی ہے،ان کا حال،کردار بیان کیا ہے،انکے دل آپس میں جڑے ہوئے تھے،اتحاد والے ہیں،نظم وضبط سے جہادکررہے ہیں صحابہ اکرام ؓ کے اتحاد کا ذکر کرتے ہوئے بنیان مرصوص لفظ قرآن پاک میں آیا ہے،بنیان مرصوص کا صرف نعرہ نہیں بنا نا چاہئے بلکہ اسے اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہئے،ہم نے مل کر رہنا ہے، ہمیں صرف جنگ کے دنوں میں ہی نہیں بنیان مرصوص پر عمل کرنا بلکہ عام دنوں میں بھی اتحاد قائم رکھنا ہے اپنے گھروں میں بھی بنیان مرصوص قائم رکھو۔انہوں نے کہا کہ حکم صرف اللہ کا ہے مخلوق کے ذمہ تعمیل ہے اس تعمیل سے دنیا و آخرت کی کامیابی بھی نصیب ہوگی اور اللہ کریم کا قرب بھی نصیب ہوگا،دین اسلام سے دور ی کی بڑی وجہ خواہشات نفس کی پیروی ہے، آج ہم نبی کریم ؐ کے اُمتی ہونے کی وجہ سے دین اسلام کو تو مانتے ہیں لیکن عبادات اور اعمال میں کمزوری نظر آتی ہے،ہمارا دعویٰ ایمان تو ہے لیکن ہمارے اعمال اس کی شہادت نہیں دے رہے،ہم چاہتے ہیں کہ وہ معاملہ ہو جو مجھے پسند ہے،جب اللہ اور اللہ کے نبی ؐ پر ایمان ہو تو اس میں کسی درجے کی کمزوری نہیں ہونی چاہیے۔تقریب کے اختتام پر ملکی استحکام،افواج پاکستان،فلسطین،مقبوضہ کشمیر،میانمار،رنگون کے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی۔
