دینہ:( بلال رضا)آستانہ عالیہ پیر بھچر شریف کے سجادہ نشین حضرت پیر سید عبدالغفار شاہ صاحب اور ان کے صاحبزادے مفتی پیر سید وقاص شاہ صاحب فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد بخیرو عافیت وطن واپس پہنچ گئے۔ آستانے پر پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا، روحانی فضاء میں عقیدت و احترام کا فقیدالمثال مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل دینہ کے نواحی گاؤں آستانہ عالیہ پیر بھچر شریف کے سجادہ نشین حضرت پیر سید عبدالغفار شاہ صاحب اور ان کے صاحبزادے مفتی پیر سید وقاص شاہ صاحب فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد بخیرو عافیت وطن واپس پہنچ گئے، جہاں ان کی بابرکت آمد پر شاندار اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ پیر بھچر شریف پہنچنے پر خاندانِ کے بزرگ و نوجوان، علاقہ کے معززین، اور گاؤں کی مختلف برادریوں بشمول ملک، بٹ اور راجہ برادری کے افراد نے محبت، عقیدت اور احترام کے جذبات کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ آستانے کے احاطے میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، ہار پہنائے اور دعائیہ کلمات کہے۔ ہر چہرہ خوشی سے دمک رہا تھا اور فضاؤں میں درود و سلام کی صدائیں گونجتی رہیں۔ اس روحانی موقع پر خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں حاجیوں کے حج کی قبولیت، علاقائی ترقی، اور امت مسلمہ کی بھلائی کے لیے اجتماعی دعائیں کی گئیں۔ زائرین اور آنے والے معزز مہمانوں کی تواضع میٹھائی اور ٹھنڈے مشروبات سے کی گئی۔ اس روحانی اور ایمان افروز تقریب نے آستانہ عالیہ پیر بھچر شریف کو دینی تجدید، روحانی خوشی اور قلبی سکون کا مرکز بنا دیا۔ آخر میں سجادہ نشین حضرت پیر سید عبدالغفار شاہ صاحب نے تمام مہمانوں، عقیدت مندوں اور معززین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اخلاص اور محبت کو سراہا۔
