وزیرآباد(نامہ نگار) معروف مذہبی اسکالر علامہ الیاس رضا یزدانی نے علی رضا جعفری ٹرسٹ وزیرآباد میں جاری عشرہ محرم الحرام کے سلسلہ میں جاری مجلس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ سانحہ کربلا اسلامی تاریخ کا وہ فیصلہ کن موڑ ہے جس نے نہ صرف ایک ظالم حکمران کے تخت کو ہلا دیا بلکہ حق اور باطل کے درمیان ایک ایسی واضح اور ابدی لکیر کھینچ دی جو قیامت تک کے لیے مشعلِ راہ بن گئی۔ امام حسین علیہ السلام کی قربانی نے یہ ثابت کر دیا کہ فتح صرف ظاہری قوت سے نہیں ہوتی بلکہ اصولوں، اخلاق اور الٰہی اقدار پر استقامت سے حاصل ہوتی ہے۔ یہ واقعہ ہمیں سکھاتا ہے کہ جب وقت آئے تو حق کی خاطر جان قربان کر دینا بھی باطل کے سامنے جھکنے سے بہتر ہے۔اس موقع پر علی رضا جعفری ،محسن رضا جعفری ،احسن رضا جعفری ،عباس علی رضا ،سید ضمیر کاظمی،ایوب چوہان ،علامہ ظہیر ذیشان،سید خطیب الحسن و دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے یزید کی بیعت سے انکار کر کے یہ واضح کر دیا کہ ایک فاسق و فاجر شخص مسلمانوں کا حکمران نہیں ہو سکتا۔ آپ علیہ السلام کا یہ انکار ذاتی اقتدار کی خواہش نہیں تھا بلکہ اسلامی اقدار اور اس کے نظامِ حکمرانی کی حفاظت کا مسئلہ تھا۔ اور یہ ہم سب کے لیے پیغام و سبق ہے کہ حق و سچ کے لیےمصائب و آلام کچھ نہیں حقیقی اسلام یہ ہے کہ حق کے لیے استقامت کے ساتھ کھڑے ہوں کبھی باطل سے سمجھوتہ نہ کریں یہ ہی پیغام کربلا ہے یہی مقصد امام حسین و رفقاء ہے۔
