مانچسٹر: برہان وانی شہید کی نویں برسی پر JKSDMI کا خصوصی اجلاس، کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت، آئندہ تقریبات کی منصوبہ بندی، پاکستانی سینیٹرز و وزراء کی شرکت متوقع

Spread the love


مانچسٹر (عارف چودھری ) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل (JKSDMI) کے زیراہتمام بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارہ پاکستان کی قیادت میں مانچسٹر میں برہان مظفر وانی شہید کی نویں برسی کے موقع پر ایک خصوصی تعزیتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نہ صرف شہید برہان وانی اور دیگر کشمیری شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا بلکہ برطانیہ بھر میں آئندہ ہونے والی کشمیر سرگرمیوں کی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔

اجلاس کی صدارت JKSDMI کے سرپرست سردار عبد الرحمان خان نے کی جبکہ مہمان خصوصی سابق مشیر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ تھے۔ اجلاس میں سابق لارڈ میئر مانچسٹر و چیئرپرسن انٹرنیشنل کشمیر لابی کونسل یاسمین ڈار، نائب چیئرمین JKSDMI برطانیہ امجد حسین مغل، ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹر ہیری بوٹا، چیئرپرسن گریٹر مانچسٹر روبینہ خان، چیئرپرسن چیشائر نینا رانیہ خان، ڈاکٹر مہوش جبین، مومنہ لطیف اور ماہ نور لطیف نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران شرکاء نے تحریک آزادی کشمیر کے تسلسل اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ برہان مظفر وانی شہید جیسے نوجوانوں کی جدوجہد نے کشمیریوں کے حوصلے بلند کیے ہیں اور دنیا کو مسئلہ کشمیر کی حقیقت سے آگاہ کیا ہے۔

اس موقع پر JKSDMI ٹیم نے اعلان کیا کہ جولائی اور اگست میں برطانیہ کے مختلف شہروں، بشمول برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کی حمایت میں تقریبات اور سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی تاکہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جا سکے۔ ان سرگرمیوں میں پاکستان سے آنے والے معزز سینیٹرز ڈاکٹر محمد ہمایوں مہمند، سینیٹر فیصل سلیم اور آزاد کشمیر کی وزراء محترمہ صبیحہ صادق، محترمہ امتیاز نسیم اور چوہدری احمر یاسین کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے تاکہ وہ کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں۔

اجلاس کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارتی حکومت پر سفارتی دباؤ ڈالے تاکہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیری سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں