
اس سیمینار کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ مثبت رویوں کو فروغ دے کر معاشرے کو جرائم سے پاک اور بااخلاق بنایا جائے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔
ضلعی پروبیشن آفیسر جناب منیب ظفر ہاشمی نے اس اصلاحی پروگرام میں معزز شخصیات کو مدعو کیا جن میں شامل تھے:
ایڈوکیٹ امجد فاروق گوندل صاحب
ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جناب عبدالحفیظ صاحب
محترمہ مومنہ ماہرو گوندل صاحبہ (پی ایچ ڈی اسکالر، علمی و سماجی شخصیت)
جناب عبدالحفیظ صاحب نے اپنی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ روزمرہ زندگی میں اگر ہم نظم و ضبط، شائستگی، اور اپنی حدود کو پہچان لیں تو ایک مہذب اور پرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔
ایڈوکیٹ امجد فاروق گوندل صاحب نے زبان کے درست استعمال، گفتگو میں توازن اور شائستگی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اکثر معاشرتی تنازعات الفاظ کے غلط استعمال اور سخت لہجے کی بدولت جنم لیتے ہیں۔ بات چیت میں تمیز، سننے کا سلیقہ اور دوسروں کی عزت کا لحاظ معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔
ایڈووکیٹ امجد فاروق گوندل صاحب نے اس موقع پر موجود سینئر صحافی جناب ظہیر عباس صاحب کا بھی شکریہ ادا کیا جو ہمیشہ مثبت اقدامات کو اجاگر کرتے ہیں اور اپنی علمی، عاجزانہ اور باشعور شخصیت سے معاشرتی فلاح میں حصہ ڈال رہے ہیں۔
محترمہ مومنہ ماہرو گوندل صاحبہ (پی ایچ ڈی اسکالر، علمی و سماجی شخصیت) نے کہا کہ ہر انسان کے اندر اللہ تعالیٰ نے بے شمار خوبیاں اور صلاحیتیں رکھی ہیں۔ اگر ہم اپنی اندرونی صلاحیتوں کو پہچان کر انہیں مثبت انداز میں استعمال کریں تو نہ صرف اپنی زندگی بدل سکتے ہیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی روشنی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے صبر، برداشت، غصے پر قابو پانے اور باہمی احترام کو ایک پرامن معاشرے کی بنیاد قرار دیا۔
آخر میں پروبیشن آفیسر منیب ظفر ہاشمی نے تمام پروبیشنرز کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اختتامی پیغام میں فرمایا:
جرائم کا تعلق صرف ایک فرد یا ایک وجہ سے نہیں ہوتا، بلکہ یہ کئی نفسیاتی، سماجی اور معاشی وجوہات کا مجموعہ ہوتا ہے۔ اگر ہم تعلیم، ذہنی صحت، اخلاقی تربیت اور معاشرتی انصاف پر توجہ دیں تو ہم ایک ایسا ماحول پیدا کر سکتے ہیں جہاں جرم پنپ نہ سکے۔
