وزیرآباد: پنجاب کا نیا بلدیاتی ایکٹ قائمہ کمیٹی سے منظور ہو گیا ہے، جو جلد اسمبلی سے پاس ہو کر نافذالعمل ہو گا۔ اس کے بعد سوہدرہ انشاء اللہ میونسپل کمیٹی کا درجہ حاصل کر لے گا، الحمدللہ۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا خصوصی شکریہ جنہوں نے میری تجویز کی نہ صرف بھرپور حمایت کی بلکہ ہر ممکن کوشش کر کے اسے قابلِ عمل بنایا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوہدرہ کی میونسپل کمیٹی بننے سے شہر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھے گا، سڑکوں، نکاسی آب، صفائی، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات میں بہتری آئے گی۔ حکومت کی طرف سے مزید فنڈز اور مراعات ملنے سے عوام کو ریلیف اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ ایک تاریخی شہر ہونے کے ناطے تاریخی و ثقافتی ورثہ بھی بہتر انداز میں محفوظ کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عوامی خوشحالی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
