پنڈدادنخان( ملک ظہیر اعوان)
للہ شریف سے عیسیٰ وال جانے والی مرکزی شاہراہ آج آنے والے سیلابی ریلے کی نذر ہو گئی۔ یہ سڑک متعدد دیہات اور ڈیرہ جات کو للہ شریف سے ملانے کا واحد زمینی راستہ تھا۔ مقامی لوگوں نے اپنے وسائل اور لاکھوں روپے اکٹھے کر کے اس مقام پر پختہ راستہ تعمیر کیا تھا، تاہم سیلابی پانی دوبارہ اسے بہا لے گیا۔
اہلِ علاقہ کے مطابق اس تباہی کی بنیادی وجہ زیر تعمیر جلالپور خوشاب نہر پر بننے والا پل اور اس کی ناقص پالیسی ہے، جس کے باعث زمینی کٹاؤ بڑھ گیا اور راستہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا۔ اس راستے سے روزانہ طلبہ و اساتذہ پرائمری اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے لیے آتے جاتے تھے، جبکہ متعدد نجی سکولوں کے طلبہ بھی اسی راستے پر انحصار کرتے تھے۔ راستہ منقطع ہونے کے بعد تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اہلِ علاقہ نے ضلع جہلم انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری بنیادوں پر متبادل راستہ فراہم کیا جائے اور اس مقام پر پائیدار بندوبست کیا جائے تاکہ عوام کو بار بار مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
