محکمہ مال تحصیل پنڈ دادنخان کی نااہلی نے عوام کو دربدر کر دیا، فائلیں ہاتھوں میں، امیدیں ٹوٹ گئیں

Spread the love

پنڈ دادن خان ( بیورو چیف ملک ظہیر اعوان)، تحصیل پنڈ دادنخان کے محکمہ مال میں مبینہ نااہلی اور غفلت کے باعث عوامی مسائل سنگین ہو چکے ہیں۔ہزاروں ایسے انتقالات ہیں جن پر عمل درامد ہی نہیں ہوا ، نشاندہی، تجاوز، جمع بندی، تقسیم سمیت دیگر اہم امور کے لیے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔ لوگ اپنے روزمرہ کام اور کاروبار چھوڑ کر مہینوں سالوں سے پٹواریوں، گرداوروں اور لینڈ اراضی سنٹرکے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہو چکے ہیں، مگر انصاف اور شنوائی کا دور دور تک نام و نشان نہیں۔
متاثرہ شہریوں ماسٹر محمد اسلم،چوھدری عامر نثار ،چوھدری اصف بھلیال ،چوہدری شوکت علی کر ڑ و دیگرکی فریاد ہے کہ حلقہ ٹوبھہ میں 2013 کے بعد جمع بندی کا کوئی عمل مکمل نہیں ہوا، اور جب حلقہ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے 2024 میں عجلت میں نئی جمع بندی بنائی گئی تو اس میں 99 فیصد غلطیاں پائی گئیں فرد بدر بنا کر نہیں دیے جا رہے ، جس سے نہ صرف ریکارڈ میں پیچیدگیاں پیدا ہوئیں بلکہ سادہ لوح عوام کی زمینوں پر تنازعات نے جنم لے لیا۔
اراضی سینٹر اور پٹواری دفتر کے درمیان عوام کو ‘فٹبال’ بنا دیا گیا ہے۔ ایک ادارہ دوسرے کے پاس بھیجتا ہے، لیکن کہیں بھی شنوائی نہیں۔ بیشتر پٹوار خانوں میں پرائیویٹ منشیوں کا راج ہے، جبکہ سرکاری ریکارڈ غیرمحفوظ ہاتھوں میں ہے۔ لوگ ایک ہی درخواست کو بار بار دیتے ہیں، لیکن اکثر درخواستیں گم ہو جاتی ہیں گزشتہ کئی سال سے تحصیل کمپلیکس اور اراضی سنٹر کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں، لیکن ان کے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید بڑھتے جا رہے ہیں۔
متاثرہ افراد نے کمشنر راولپنڈی ، ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادن خان سے فوری نوٹس لینے اور تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں