

جہلم(بلال رضا )تفصیلات کے مطابق مہربانی ویلفیئر پراجیکٹ کے تحت پی ایم اے ہاؤس محمدی چوک اور پولیس تحفظ مرکز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مستحق خواتین اور بے روزگار افراد میں سلائی مشینیں، سائیکلیں اور روزگار کے لیے دکانوں کا سامان تقسیم کیا گیا۔ڈاکٹر شہزانہ امتیاز اور ان کی ٹیم، جن میں عبدالغفور چوہان چیئرمین انسانی حقوق یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس ضلع جہلم، ڈاکٹر محمد طاہر عتیق چغتائی اور ڈاکٹر عبدالغفور ملک شامل تھے، نے تقسیم کا عمل مکمل کیا۔ اس موقع پر بے روزگار خواتین کو سلائی مشینیں، شادی کے قریب دو مستحق بچیوں کو جہیز کے طور پر سلائی مشینیں، اسکول کے دو بچوں کو سائیکلیں جبکہ بے روزگار افراد کو دکان کھولنے کے لیے سامان فراہم کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں ڈاکٹر طاہر عتیق چغتائی، ڈاکٹر عبدالغفور ملک، ڈاکٹر عبدالشکور ملک۔ محمد عمر بٹ ، ناصر بشیر ہیڈ کانسٹیبل ۔اور غیاث بلبن بھی شریک ہوئے۔شرکاء نے مہربانی ویلفیئر پراجیکٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف غریب و نادار افراد کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرتے ہیں بلکہ انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کر کے خود کفیل بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ اقدام معاشرتی فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
