کروڑوں روپے مالیت کا زرمبادلہ کمانے والے سٹی آف کٹلری میں صفائی کے نظام کی تباہ کن صورت حال سے شہر بیماریوں کا گڑھ اور غلاظت کا نشان بن کر رہ گیا

Spread the love

وزیر آباد (طارق ملک بیورو چیف) کروڑوں روپے مالیت کا زرمبادلہ کمانے والے سٹی آف کٹلری میں صفائی کے نظام کی تباہ کن صورت حال سے شہر بیماریوں کا گڑھ اور غلاظت کا نشان بن کر رہ گیا ہے۔ سرکاری اداروں کی نااہلی ، وسائل کی بندر بانٹ اور سیاسی عناصر کی عدم دلچسپی سے مسائل کا گرداب شہر کو گھن کی طرح چاٹ رہا ہے۔ کارڈیالوجی ہسپتال سے ثمن برج، نصیر کالونی،شیرا کوٹ،پاک ٹاون،الہ آ باد سے حاجی پورہ آ رائیں کالونی اور اندرون شہر کے گلی محلوں کے 35 بلدیاتی وارڈز پر مشتمل پورے شہر کا سیوریج نظام مکمل طور پر بلاک ہے اور 40سال قبل ڈالی گئی سیور لائنوں کی بلاکج اور ٹوٹ پھوٹ نے سارے شہر کی انڈسٹری اور آ بادی کو تباہی کر دیا ہے۔ سیور اور واٹر سپلائی کی بوسیدہ لائنوں سے شہری غلاظت بھرا پانی پینے پر مجبور ہیں اور علاقہ میں بیماریوں کا راج ہے۔متعدد بلدیاتی نظام کے کارپرداز اور مختلف سیاسی عناصر اپنے اقتدار کے مزے لوٹ کر جا چکے ہیں اور موجودہ دور میں فوٹو سیشن ماحول پیدا کر کے عوام کی بے بسی کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ سیوریج لائینیں مکمل بند ہونے کی وجہ سے غلیظ پانی گلی محلوں میں ڈیرے جمائے رہتا ہے اور بارش کی صورت میں پانی مکانوں اور کارخانوں میں داخل ہو کر عوام اور صنعتکاروں کی تباہی کا باعث بنتا ہے۔ قومی اور عالمی اداروں کی طرف سے وزیر آباد میں سیوریج اور واٹر سپلائی کا نظام درست کرنے کے لئے جاری کئے گئے اربوں روپے کے فنڈز بے ضابطہ ریشہ دوانیوں کی نظر ہو کر رہ گئے ہیں اور ان کے آ ڈٹ کا کوئی حساب کتاب نہ ہے جبکہ شہری مسائل جوں کے توں مکینوں کے لئے عذاب بنے ہوئے ہیں ۔ آل پاکستان کٹلری ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر جمال اسلم بھٹہ، سابق ناظم اور کٹلری ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد خالد مغل اور اصلاحی کمیٹی برائے تعمیر و ترقی کے آرگنائزر پروفیسر حافظ منیر احمد نے مشترکہ طور پر تحریری درخواست میں ایڈ منسٹریٹر میونسپل کمیٹی ،اسٹنٹ کمشنر،ڈپٹی کمشنر۔کمشنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی وزیر آباد کی حدود میں تباہ حال واٹر سپلائی اور سیوریج کے نظام کی تعمیر نو بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ بندی کر کے شہر میں بسنے والے لاکھوں شہریوں اور ملک کو کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ کما کر دینے والے صنعتکاروں اور ایکسپورٹرز کو صحت مند ماحول میں جینے کا طحق دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں