جہلم (بلال رضا) جہلم کی بیٹی میڈم ساجدہ احمد نے ایک بار پھر انگلینڈ میں اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کر دیا۔ 500 نامزد امیدواروں میں سے نمایاں خدمات پر انہیں خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
میڈم ساجدہ احمد پاکستان اور انگلینڈ دونوں میں سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے کام کر رہی ہیں۔ پاکستان میں انہوں نے القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچگان اسلام پورہ جہلم قائم کیا ہے جہاں خصوصی بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسی طرح انگلینڈ میں بھی وہ خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم ہیں، جس پر انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔
اس موقع پر “الیان جہلم” کی جانب سے میڈم ساجدہ احمد کو مبارکباد پیش کی گئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا:
“یہ ایوارڈ حاصل کر کے مجھے بے حد فخر محسوس ہو رہا ہے۔ میں اپنے رب کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے مجھے اس مقام تک پہنچایا اور خصوصی بچوں کے لیے خدمت کا موقع عطا کیا۔”
