وزیر آباد ـ (طارق ملک بیورو چیف)تاجدار انبیاء صلی اللہ علیہ وسلم سے نسبت اہل ایمان کا سرمایہ حیات ہے ۔ محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم قرب الٰہی کے حصول کا زینہ ہے۔ ربط رسالت کی مضبوطی کا بہترین ذریعہ درود پاک کے کثرت ہے۔ موجودہ دور کی سائینسی ایجادات اسلام کی حقانیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز ماہر تعلیم لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ ساجد باگڑی نے صفیہ ظہور الٰہی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام ماڈل ہائی سکول میں سائینس اینڈ آرٹ نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد استاتذہ والدین اور سٹوڈنٹس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پرنسپل میجر ریٹائرڈ طارق محمود نے کہا کہ نوجوان نسل کو دینی اقدار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ علوم سے آراستہ کرنا ہمارا مشن ہے اور ہونہار طلبہ قوم کے مستقبل کا اثاثہ ہیں ۔ مسلم ھینڈز کے پبلک ریلیشن پرسن طارق جاوید ملک نے کہا کہ مثبت فکر کے فروغ کے لئے نوجوان نسل کی نظریاتی تربیت پر کام کرنے والے ادارے قومی فریضہ سر انجام دے رہے ہیں ۔پاکستان ایجوکیشن فورم کے صدر مختار حمزہ بھٹی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں مثبت سرگرمیاں طلباء میں مسابقت کا جذبہ پیدا کرتی ہیں والدین،اساتذہ اور طلباء کی مثلث قومی ترقی کی راہ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ تقریب سے ایڈمن آفیسر سعدیہ ملک ،ماہرین تعلیم حمزہ بلال اور محمد فیاض نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں ماہرین تعلیم اور معزز مہمانوں نے ایس،زیڈ الٰہی سکول کیمپس میں سائینس اینڈ آرٹ نمائش میں سٹوڈنٹس کی جانب سے سائینس ،ٹیکنالوجی،ثقافت اور دیگر تعمیری شعبوں سے متعلق بنائے گئے ماڈلز کا معائنہ کیا اور طلباء کی اعلیٰ کارکردگی اور ذہانت پر خراج تحسین پیش کیا ۔
