ہائی کمیشن پاکستان لندن کے زیر انتظام صحت عامہ میں مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال اور فوائد بارے اعلیٰ سطحی ورکشاپ کا انعقاد

Spread the love


برطانیہ اور پاکستان کے پالیسی سازوں، AI ماہرین، طبی ماہرین، پیشہ ور افراد اور ماہرین تعلیم کی شرکت

لندن عارف چودھری۔

سیشن کا آغاز برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کیا۔

ڈاکٹر فیصل نے پاکستان میں شعبہ صحت میں اصلاحات، تشخیص، الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ اور طبی تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر زور دیا۔

کلیدی خطاب میں وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن، ڈاکٹر سید مصطفی کمال نے پاکستان میں صحت عامہ کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور AI کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ برائے صحت اور سماجی نگہداشت ڈاکٹر زبیر احمد MP نے رسائی کو بڑھانے کے لیے جدت اور AI کو مربوط کرنے میں برطانیہ کے تجربے کا جائزہ پیش کیا۔

ممتاز مقررین نے کئی اہم موضوعات پر اظہار خیال کیا۔

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) کے سی ای او ابوبکر نے ڈیجیٹل تبدیلی اور ہیلتھ ٹیکنالوجی کی جدت کو فعال کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات سے اگاہ کیا۔

لیڈز یونیورسٹی میں ڈیٹا گورننس لیڈ عائشہ حسین نے سستی، قابل رسائی، اور اعلیٰ معیار کی صحت عامہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے AI اور ڈیٹا کے معیار کے فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا۔

Vita Healthcare Solutions
کے شریک بانی عمر بٹ نے AI کے ذریعے نگہداشت کی فراہمی میں عدم مساوات کا خاتمہ کرنے اور ہسپتالوں میں انتظار کے اوقات اور علاج میں تاخیر کو کم کرنے کے حوالے سے تجاویز دیں۔

ڈاکٹر مہدی مرتضیٰ نے پاکستان میں بنیادی صحت کی تبدیلی اور طبی پیشہ ور افراد کے لیے AI نصاب کی ترویج کے لیے AI سے استفادہ حاصل کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

ڈاکٹر سہیل چغتائی، کلینیکل ڈائریکٹر برائے آرتھوپیڈکس اینڈ ٹراما، لندن، اور یو کے ڈیجیٹل ہیلتھ اینڈ کیئر میں اے آئی ڈویژن چیئر نے پاکستان کے لیے AI الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈز (EMR) سسٹم تیار کرنے کے بارے میں اظہار خیال کیا۔

یونیورسٹی کالج لندن میں انٹرپرائز کے وائس ڈین اور UPSIGN کے شریک بانی پروفیسر جواد ارشد ڈار نے پاکستان میں AI تحقیق کے لیے تربیت اور تعلیمی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے حکمت عملی پیش کی۔

برٹش پاکستانی سائیکاٹرسٹ ایسوسی ایشن کے چیئر ڈاکٹر شاہد لطیف نے دماغی صحت کی دیکھ بھال میں AI کے کردار پر روشنی ڈالی۔

اوپن لندن کی سی ای او زہرہ شاہ نے صحت عامہ میں AI کے ذمہ دارانہ استعمال اور اس کے اخلاقی اثرات کے بارے میں گفتگو کی۔

نادرا کے چیف پراجیکٹ آفیسر رحمان قمر نے بتایا کے نادرا کا سٹیزن ڈیٹا بیس پاکستان میں محفوظ، قابل توسیع ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹم اور EMR انٹیگریشن کو فروغ دے سکتا ہے۔

شرکاء نے کئی اہم نکات پر اتفاق کیا، جن میں AI سے چلنے والی قومی صحت کے اعداد و شمار کی حکمت عملی، AI اور صحت میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، بڑے ہسپتالوں میں EMR سسٹم کی پائلٹنگ، اور طب سے منسلک پیشہ ور افراد کے لیے AI تربیتی نصاب کی ترویج شامل ہیں۔

شرکا نے زور دیا کہ ہیلتھ کیئر میں ایک ذمہ دار AI فریم ورک کی ضرورت ہے، جو AI ایپلی کیشنز اور عمل میں ذمہ دار AI اصولوں کو شامل کرتا ہو-

شرکا نے مستقبل قریب میں صحت عامہ میں AI کے دیگر پہلوؤں پر بات چیت کے لیے دوبارہ اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔

ورکشاپ کی سفارشات کو اسلام آباد میں اسٹیک ہولڈرز کے سامنے پیش کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ ڈاکٹر محمد فیصل

پاکستان کے ہر شہری کے لیے صحت عامہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے AI کا استعمال ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں