

بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس مقابلوں میں ضلع بھر میں پہلی پوزیشن
جہلم (بلال رضا) گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول جہلم نے نیب کے زیر اہتمام منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع جہلم میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس دونوں کھیلوں میں سکول کی طالبات نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔
بیڈمنٹن سنگل ٹورنامنٹ میں جماعت ہشتم کی طالبہ مناہل فاطمہ نے تحصیل سطح پر کامیابی کے بعد ڈسٹرکٹ لیول پر بھی پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں بھی گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول جہلم کی ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ڈسٹرکٹ لیول پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
بیڈمنٹن کا فائنل میچ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کالا دیو اور گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول نمبر 1 جہلم کے مابین کھیلا گیا جس میں نمبر 1 کی ٹیم فاتح قرار پائی۔ اسی طرح ٹیبل ٹینس کا فیصلہ کن مقابلہ نمبر 1 اور نمبر 2 سکول کے درمیان ہوا جس میں نمبر 1 کی ٹیم نے شاندار فتح حاصل کی۔
ٹیم کی کامیابی میں مس فرخت مشتاق کیانی اور مسز ارم کی محنت اور رہنمائی شامل ہے جنہوں نے طالبات کو بھرپور تربیت فراہم کی۔ ادارے کی سربراہ محترمہ روبینہ صاحبہ نے طالبات اور اساتذہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کھیلوں کے دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری جہلم، شہزاد صاحب نے بھی وزٹ کیا اور سکول کی طالبات کی کارکردگی کو خوب سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کی ایسی سرگرمیاں تعلیمی اداروں میں مثبت رجحان کو فروغ دیتی ہیں اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کی بنیاد ثابت ہوں گی۔
میچ ریفری کے فرائض مومنہ ماہرو گوندل صاحبہ نے سرانجام دیے، جبکہ پروگرام کی اینکرنگ اور آرگنائزنگ کی ذمہ داری اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مس مریم نے نبھائی۔
