وزیرآباد: عوام کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے، یہ ممکن نہیں کہ عوام لاقانونیت کا شکار ہوں اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہے، شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایچ او تھانہ سوہدرہ مختار احمد باجوہ نے تاج گارڈن میں ایک کھلی کچہری میں شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مختلف کالونیوں اور ٹاؤنز میں اپنی سیکیورٹی کے انتظامات موجود ہوتے ہیں، تاہم پولیس ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، تاج گارڈن کمیٹی اپنے قواعد و ضوابط تحریری طور پر فراہم کرے تاکہ پولیس ان کے مطابق معاونت کر سکے۔ رہائشیوں کی شکایات پر کہ ٹاؤن پارک میں باہر سے آنے والے نوجوان منشیات کے استعمال اور آوارہ گردی میں ملوث ہیں، ایس ایچ او مختار احمد باجوہ نے کہا کہ ایسے نوجوان مقامی تعاون اور لوکل سیکیورٹی کی غفلت کے بغیر ٹاؤن میں داخل نہیں ہو سکتے، اب سوہدرہ پولیس زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کرے گی، کسی کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کر کے انہیں قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کمیٹی اور رہائشی پولیس کے ساتھ تعاون کریں تو تاج گارڈن کو ایک مثالی اور پرامن کالونی بنایا جا سکتا ہے، پولیس نے محنت اور بہتر حکمتِ عملی سے تھانہ سوہدرہ کی حدود میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کی ہے اور مختلف وارداتوں میں ملوث متعدد گروہوں کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے تک پہنچایا جا چکا ہے۔ کھلی کچہری میں تاج گارڈن کے معززین اور مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں محمد اکبر بٹ، محمد اسلم بھٹہ، چوہدری قیصر یسین بھٹکل، چوہدری محمد طارق سندھو، محمود اعظم عرف شاہ عباس چیمہ، خرم گھمن، عظیم عصمت اللہ اغا، قاسم محمد فیاض، محمد ارشاد آغا، محمد قاسم، علی رضا، حسن اللہ والے، ناصر وڑائچ، مظہر حسین قطری، محمد عرفان اور انجینئر نعیم قیصر نجمی سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں(فوٹو ہمراہ ہے)۔
