وزیرآباد( حکیم رفعت نسیم سے) محکمہ جنگلات کی نرسریاں غیر فعال ہو کر رہ گئیں۔ موسمی پودوں کی دستیابی میں ناکام، شہریوں کو پرائیویٹ نرسریوں پر جانے کا مشورہ دئیے جانے لگا۔ مبینہ طور پر درختوں کی کٹائی اور چوری کا سلسلہ بھی جاری۔ عملے کی غفلت کے باعث مسائل میں اضافہ، سدباب کیا جائے۔ شہریوں کا مطالبہ۔ دستیاب سہولیات کے ساتھ شہریوں کو مستفید کر رہے ہیں۔ حکام
تفصیلات کے مطابق ضلع وزیرآباد میں محکمہ جنگلات کی نرسریاں عملی طور پر غیر فعال ہو کر رہ گئیں۔ شہریوں کو پھلوں اور پھولوں کے موسمی پودوں کی فراہمی بند ہو گئی ہے۔ شہری پودوں اور پنیری کے حصول کے لیے سرکاری نرسری کا رخ کرتے ہیں تو عملے کی جانب سے تاخیر کا بہانہ یا عدم دستیابی کا بتا کر پرائیویٹ نرسریوں کا راستہ دکھا دیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ جنگلات درختوں کی کٹائی اور چوری وغیرہ کے معاملات کو کنٹرول کرنے میں بھی ناکام ہے جس کے باعث درختوں کی تعداد میں کمی کے ساتھ ساتھ آلودگی کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے سرکاری نرسریوں میں تمام موسمی پودوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ شہریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کر رہے ہیں
