وزیرآباد : پی ٹی سی ایل گوجرانوالہ کے مینجر ملک طیب شبیر کے والد، معروف سماجی شخصیت انجینئر طاہر شبیر اور شکاگو (امریکہ) میں مقیم کاروباری شخصیات ملک طارق شبیر و ملک محسن شبیر کے والد، مسلم لیگی رہنما ملک شہباز احمد کے سسر، سابق ڈویژنل انجینئر ملک شبیر احمد نوّے سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے امریکہ میں انتقال کر گئے، جن کی تدفین شکاگو میں کر دی گئی۔ مرحوم کی غائبانہ نمازِ جنازہ دارہ بلوچاں وزیرآباد میں ادا کی گئی، جس میں پی ٹی سی ایل کے افسران و ملازمین سمیت سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں، وکلا، صحافیوں اور معززینِ شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آج مرحوم کی رسمِ قل اور قرآن خوانی جامع مسجد بلوچاں سرکلر روڈ وزیرآباد میں ادا کی گئی، جس میں اسلامی سکالر ملک شہباز کلیار نے مرحوم کی نیک سیرت، خلوصِ عمل اور خدمتِ خلق کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک شبیر احمد نہایت شریف النفس، بااخلاق اور دیانتدار شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنی زندگی نیکی، محبت اور سچائی کے اصولوں پر گزاری۔ مقررین نے کہا کہ ایسے نیک لوگ اپنی وفات کے بعد بھی نیکی کی روشنی چھوڑ جاتے ہیں جو دوسروں کے لیے مشعلِ راہ بنتی ہے۔ آخر میں مرحوم کی مغفرت، بلندیِ درجات اور آخرت کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ اہلِ خانہ اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔
