وزیرآباد(حکیم رفعت نسیم سے) شہر بھر میں ٹماٹر کی قیمتیں ضلعی انتظامیہ کے تمام دعوؤں کے باوجود کم نہ ہو سکیں۔ اوپن مارکیٹ میں ٹماٹر اب بھی 400 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ سرکاری نرخنامے میں اس کی قیمت 160 روپے درج ہے جس نے عوام کو سخت مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ مارکیٹ سروے کے مطابق شہر کے بیشتر علاقوں میں ریٹیل دکاندار سرکاری ریٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ مین بازار میں ٹماٹر 420 سے 500 روپے فی کلو میں فروخت ہوتا رہا۔ شہریوں نے قیمتوں میں اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہے، کہیں بھی سرکاری نرخوں پر ٹماٹر دستیاب نہیں۔ بعض شہریوں کا کہنا تھا کہ“ٹماٹر اب سبزی نہیں، قیمتی شے بن چکا ہے، گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
دوسری جانب دکانداروں نے ضلعی انتظامیہ کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مہنگا مال خرید کر سستا نہیں بیچ سکتے۔ دکانداروں کے مطابق منڈی میں ٹماٹر کی تھوک قیمت ہی 380 سے 400 روپے فی کلو ہے، ایسے میں 160 روپے کا سرکاری ریٹ ناقابلِ عمل ہے تاجروں نے کہا کہ جب تک اوپن منڈی میں نرخ کم نہیں ہوتے، ریٹیل سطح پر قیمتوں میں کمی ممکن نہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ روزانہ جرمانوں اور کارروائیوں کے بجائے پیداواری لاگت، ٹرانسپورٹ اخراجات اور ذخیرہ اندوزی پر بھی قابو پایا جائے تاکہ ریلیف واقعی عوام تک پہنچ سکے۔
