وزیر آباد (طارق ملک بیورو چیف) وطن کی سالمیت پر جان نچھاور کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔ محب وطن عناصر کی یکجہتی سازشی عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملا دے گی۔ پاک افواج کے جوان کفر اور اسلام کے درمیان سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صفیہ ظہور الٰہی ٹرسٹ سکول کے پرنسپل میجر “ریٹائرڈ” طارق محمود نے پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے ” ملت کے پاسبان “کے عنوان سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پراکٹر محمد کاشف جاوید ملک نے طلباء کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ ملت کے نوجوان وطن کے روشن مستقبل کے امین ہیں۔اور ہماری رگوں میں دوڑنے والا خون وطن کی امانت ہے۔ سینئر کوآرڈینیٹر محمد عمر نے کہا کہ اندرونی اور بیرونی محاذوں پر ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے ہمارے شیر دل جوان نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں ۔اساتذہ کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئیر ٹیچر محمد کاشف بٹ نے کہا کہ نوجوان نسل کی نظریاتی تربیت سے مستقبل کی ایک قائدانہ صلاحیتوں کی حامل کھیپ تیار ہو گی اور پاکستان اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل ہو گا۔ تقریب کی آرگنائزر ایڈمن آفیسر سعدیہ ملک نے خطاب میں کہا کہ وطن کی سلامتی کے لئے پاک سر زمین کو اپنے خون سے مزین کرنے والے جانفروش سپوتوں کی مائیں سلام کے قابل ہیں اور پاک افواج نے اپنی خدادا د صلاحیتوں اور فولادی عزم سے وطن کو ایک ناقابل تسخیر قلعہ کا روپ دے دیا ہے اور انشاء اللہ مسقبل قریب اسلام کے عروج کا دور شروع ہونے والا ہے۔
