شاداب اور خوشحال پاکستان کی تکمیل کے لئے انصاف اور شفافیت پر مبنی معاشرہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے

Spread the love

وزیر آباد (طارق ملک بیورو چیف) شاداب اور خوشحال پاکستان کی تکمیل کے لئے انصاف اور شفافیت پر مبنی معاشرہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے ۔سیاست میں باشعور اور وطن دوست افراد ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں ۔معاشرے کے دکھی طبقوں کی دادرسی میں مسلم ھینڈز کا کردار خدمت انسانیت کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اعلیٰ بریگیڈیئر ریٹائرڈ بابر علاؤالدین نے مسلم ہینڈز پاکستان کے زیر انتظام مسلم ھینڈز ایجوکیشنل کمپلیکس سوہدرہ وزیر آباد کے محمد رشید فٹبال گراؤنڈ میں چوتھی آل پاکستان مسلم ھینڈز انٹر سکولز فٹبال چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت فلاحی منصوبہ جات کے ذریعے عوام کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لیے کوشاں ہے اور علاقہ میں طرز زندگی کو مثالی بنانے کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ مسلم ھینڈز کے کنٹری ڈائریکٹر سید ضیاء النور نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ مثبت فکر کے حامل نوجوان وطن کا قیمتی اثاثہ ہیں اور تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیل کے میدان سجا کر نوجوان نسل کو تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلم ھینڈز اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سابق رکن اسمبلی بلال فاروق تارڑ نے کہاکہ تعلیم کا شعبہ قوموں کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور ہماری تمام تر توانائیاں قوم کی امانت ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائنسی علوم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے سے ملک اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل کر رہا ہے ۔اس موقع پر مسلم ھینڈز سکول آف ایکسیلنس کے بچوں نے پاکستان کے تمام علاقوں کی ثقافت پر مبنی رنگارنگ ٹیبلو پیش کئے۔مسلم ھینڈز کالج کے ہونہار طالب علم شاہیر بیگ نے اپنے بنائے ہوئے ڈرون اور جیٹ طیارے کے ذریعے شاندار فضائی شو کا مظاہرہ کر کے حاضرین کو دنگ کر دیا۔مہمانان خصوصی نے پرائز ٹیبل پر چیمپئن شپ کی ٹرافیوں کی رونمائی کر کے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ چیمپئن شپ کا افتتاحی میچ گوجر خان لیپرڈز نے گزشتہ سال کی چیمپئن پشاور ٹائیگرز کو تین صفر کے مارجن سے شکست دے کر جیت لیا۔ مسلم ھینڈز کے پبلک ریلیشن پرسن طارق جاوید ملک کے مطابق چار روزہ چیمپئن شپ کے پہلے تین روز بارہ ٹیموں کے درمیان سولہ میچ کھیلے جائیں گے اور اختتامی روز سیمی فائنلز، فائینل اور تیسری چوتھی پوزیشن کے میچز کھیلے جائیں گے۔تقریب میں ممتاز صنعت کاروں محمد رضوان ،محمد اشفاق بھٹی۔ مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ناصر محمود اللّہ والے، ,پراجیکٹ مینجر امجد محمود صدیقی ،ایریا مینجر رانا عمر فاروق،فنانس آفیسر طارق محمود مغل ،لائیولی ھڈ آفیسر سردار شمس الرحمٰن اور کھیل کے شعبے سے وابستہ ممتاز شخصیات نے شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں