وزیرآباد(نامہ نگار)انجمن جانثارانِ مصطفیٰ کا 26واں سالانہ اجتماع۔ تین خوش نصیب افراد کو عمرہ ٹکٹ، نقد انعامات کی بارش۔ مقررین کا اتحاد و محبتِ آلِ محمدؐ پر زور۔ علی پورچٹھہ میں انجمن جانثارانِ مصطفیٰ کے زیرِ اہتمام تنظیم کا 26واں سالانہ روح پرور پروگرام نہایت عقیدت و احترام سے منعقد ہوا۔ تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے 3 خوش نصیب شرکاء کو عمرہ کے ٹکٹ جبکہ متعدد افراد میں نقد انعامات و اعزازات تقسیم کیے گئے۔ پروگرام کی صدارت سربراہ انجمن آصف مرتضیٰ نے کی جبکہ سرپرستی اعجاز احمد چٹھہ نے انجام دی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی میں سید ناصر سلطان مشہدی، سید سلمان شاہ تونسوی، سید ولایت علی شاہ، سید علی نورالعباس مشہدی، علی رضا اویسی، ماسٹر عبداللہ، غلام مصطفیٰ زکی،مستجاب حسین زیدی،صدر مرکزی انجمن تاجران ملک ذوالفقار علی بھٹو، جنرل سیکرٹری حکیم غلام مرتضیٰ علوی سمیت شہر کی ممتاز مذہبی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ نے فضا کو معطر کر دیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اخوت و بھائی چارہ اسلام کی بنیادی اکائی ہے، اور آلِ محمدؐ کی محبت ایمان کا جزوِ لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ میلادِ رسول ﷺ منانا دراصل ایمان کو تازگی اور روحانیت سے منور کرنے کا ذریعہ ہے۔ سیرتِ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو معاشرے میں اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، کیونکہ محبتِ اہلِ بیت ہی نجات کا وسیلہ اور قربِ الٰہی کا راستہ ہے۔ پروگرام کے اختتام پر فضل زادہ سید ناصر سلطان مشہدی نے دعائے خیر فرمائی۔ بعد ازاں شرکاء کے لیے پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں درود و سلام کی گونج اور عشقِ رسول ﷺ کی خوشبو سے محفل کا سماں مزید روحانی ہو گیا۔
