ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ کی جانب سے منعقد کی گئی کھلی کچہری فلاپ

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ کی جانب سے منعقد کی گئی کھلی کچہری فلاپ۔ محدود شرکت کے باعث مؤثر ثابت نہ ہوسکی۔ 110 دیہات پر مشتمل علاقے سے صرف تین سائل اپنی درخواستیں پیش کرنے آئے، جبکہ مقامی پولیس کی جانب سے سوالات اور ویڈیو ریکارڈنگ پر پابندی نے شرکاء میں تشویش پیدا کر دی۔
تفصیلات کےمطابق تھانہ علی پورچٹھہ میں کھلی کچہری کے دوران پولیس افسران کی کارکردگی، شہری شکایات، مبینہ بدعنوانی، ناقص تفتیش یا زیرِ التواء مقدمات سے متعلق سوالات پوچھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ صحافی حلقوں کے مطابق ایس ایچ او تھانہ علی پورچٹھہ محسن مجید جٹھول نے میڈیا نمائندگان سے سخت رویہ اپنایا اور کہا کہ افسران کے ساتھ اُن کا اپنا میڈیا ہوتا ہے، اس لیے مقامی صحافیوں کی ضرورت نہیں۔ کچہری میں چند مخصوص سیاسی و تاجر نمائندگان کو مدعو کیا گیا، جبکہ علاقہ بھر کے عوام کی اکثریت اس عمل سے بے خبر رہی۔ چند منٹ جاری رہنے والی نشست میں صرف تین شہریوں نے اپنے مسائل پیش کیے، جس کے بعد آر پی او گوجرانوالہ بغیر شرکاء سے تفصیلی گفتگو کے واپس روانہ ہوگئے۔ علاقے کے سماجی و عوامی حلقوں نے سوالات پر پابندی اور سائلین کی محدود رسائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلی کچہری کا مقصد ہی عوام کو براہِ راست مسائل پیش کرنے کا موقع دینا ہوتا ہے، جبکہ پابندیوں اور سخت رویے نے اس مقصد کو متاثر کیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ کھلی کچہریاں حقیقی معنوں میں عوامی رابطہ مہم ثابت ہوں، جن میں ہر شہری کو بلاخوف اور آزادانہ طور پر سوال کرنے کا حق حاصل ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں