بھکھی شریف کے چالیسویں سالانہ عرس مقدس کی تقریب منعقد

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) غوث زماں،مفتی اعظم پاکستان حضرت علامہ مفتی پیر سید محمد جلال الدین شاہ مشہدی بانی درگاہ مقدسہ بھکھی شریف کے چالیسویں سالانہ عرس مقدس اور استاذ العلماء حضرت علامہ پیر سید محمد مظہر قیوم شاہ مشہدی کے سولہویں سالانہ عرس مقدس کی تقریب منعقد ہوئی،جس کی صدارت درگاہ مقدسہ بھکھی شریف کے سجادہ نشین شیخ الحدیث حضرت علامہ الحاج ڈاکٹر مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سربراہ جماعت جلالیہ پاکستان و مہتمم دار العلوم جلالیہ چیلیانوالہ اسٹیشن نے کی۔عرس میں جانشین فخر المشائخ میاں ولید احمد جواد سجادہ نشین شرقپور شریف نے بطور مہمان خصوصی اورعلامہ صاحبزادہ حامد رضا سیالکوٹی سابق وزیر برائے مذہبی امور آزاد کشمیر نے خصوصی شرکت کی۔ خانوادہ حضرت حافظ الحدیث کے مبارک نفوس،علماء و مشائخ اور کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔وزیرآباد سے معروف عالم دین قاری مختار احمد جلالی کی قیادت میں اور ملک بھر سے مریدین اورمعتقدین نے قافلوں کی صورت میں بھرپور شرکت کی۔مقررین نے مشائخ بھکھی شریف،سجادہ نشین شیخ الحدیث ڈاکٹرمفتی پیر سید محمد نوید الحسن مشہدی اور دار العلوم کی خدمات کو سراہا۔ شیخ الحدیث ڈاکٹر مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشھدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حسد،بغض وکینہ معاشرہ کے لیے زہر قاتل،صبر وبرداشت کی ضرورت ہے،تزکیہ نفس کے بغیر معاشرتی جرائم سے چھٹکارا ممکن نہیں۔معاشرتی بگاڑ، اخلاقی انحطاط اوراسلامی اقدار سے دوری معاشرہ کو تباہ کر رہے ہیں، قرآن و سنت کی تعلیمات کو اجتماعی زندگی میں نافذ کیے بغیر نہ امن قائم ہو سکتا ہے اور نہ ہی معاشرہ حقیقی فلاح پا سکتا ہے،نوجوانوں کی کردار سازی وقت کی اہم ضرورت ہے، والدین، اساتذہ اور ریاستی ادارے اگر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تو معاشرے میں مثبت تبدیلی جلد ممکن ہے۔ علمائے کرام اور مشائخ عظام نے دار العلوم سے علمائے کرام،مفتیان عظام کی فراغت پر مہتمم دار العلوم جلالیہ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔دار العلوم جلالیہ دینی مدارس میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔شیخ الحدیث پروفیسر ڈاکٹر مفتی محمد ظفر اقبال جلالی پرنسپل و شیخ الحدیث جامعہ اسلام آباد نے کہا مشائخ بھکھی شریف نے قوم کو علماء و اسکالرز فراہم کیے جو دنیا بھر میں خدمت دین سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مرشد گرامی نے قوم کو علمائے کرام،مفتیان کرام اور حفاظ و قراء کا تحفہ دیا ہے۔انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ دار العلوم جلالیہ،جماعت جلالیہ پاکستان،جلالیہ ویلفیئر آرگنائزیشن،جلالیہ پبلی کیشنز اور جلالیہ انسٹیٹیوٹ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔مقررین نے قوم کو علماء کرام، مفتیان عظام اور حفاظ و قراء کا تحفہ دینے پر شیخ الحدیث مفتی پیر سید محمد نوید الحسن مشہدی کو مبارک باد پیش کی۔ عرس مقدس کی تقریب میں علماء و مشائخ اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کی۔ دار العلوم جلالیہ چیلیانوالہ اسٹیشن کے فارغ التحصیل علمائے کرام،مفتیا ن عظام اور حفاظ و قراء کی دستار بندی و جبہ پوشی کی گئی۔ ختم شریف،شجرہ شریف کے بعد ملک وملت کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں