وزیرآباد (نامہ نگار) علی پور چٹھہ کے قریب مال گاڑی کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، مال گاڑی کراچی سے پٹرول لے کر لالہ موسیٰ جا رہی تھی کہ ایکسل ٹوٹنے کے باعث بوگیاں الٹ گئیں، ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے، تفصیلات کے مطابق لالہ موسیٰ میں قائم پی ایس او کے ڈپو میں کراچی سے پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل پورا سال جاری رہتی ہے اور یہ ترسیل بذریعہ مال گاڑی کی جاتی یے، گزشتہ روز بھی لگ بھگ 35 بوگیوں میں پٹرول لے کر کراچی سے لالہ موسیٰ کے لیے روانہ ہونے والی ایم سی 13 مال گاڑی جب علی پور چٹھہ ریلوے اسٹیشن سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچی تو ایکسل کے ٹوٹنے کے باعث مال گاڑی کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، بوگیوں کے الٹنے کی وجہ سے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا، عینی شاہدین کے مطابق دس سے بارہ کلومیٹر دور سے مال گاڑی کی بوگیوں کے ایکسل ٹوٹنے کی آواز سنائی دے رہی تھی، واقعہ کے بعد ریلوے عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور حادثے میں متاثر ہونے والی بوگیوں کو لائن سے ہٹانے کا کام جاری رکھا جبکہ متاثرہ بوگیوں سے آگے والی 15 بوگیوں کو انجن سمیّت لالہ موسیٰ روانہ کر دیا گیا۔
