وزیرآباد ( حکیم رفعت نسیم سے) دعوتِ اسلامی کے مرکز فیضانِ مدینہ، پاک ٹاؤن ٹھٹھی آرائیاں میں ایک روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کم عمر اور ہونہار طالبِ علم حافظ سفیان سلیم نے قرآنِ مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرلی۔ مرکز میں موجود اس پُرنور ماحول میں نعت خوانی اور تلاوتِ قرآن کے بعد باضابطہ طور پر سفیان سلیم کی تکمیلِ حفظ کی خوشی منائی گئی۔ تقریب میں بچے کے والد محمد سلیم اور دادا محمد شریف نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ پاک کا خاص فضل اور بزرگوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ سفیان نے کم عمری میں یہ عظیم نعمت حاصل کی۔ اُنہوں نے اس عظیم سعادت کے حصول میں اساتذہ کرام کی محنت اور دعاؤں کو بھی سراہا۔ مرکز کے ممتاز اساتذہ قاری حماد اور قاری شفقت نے کہا کہ قرآنِ کریم کا حفظ ایک بڑے اعزاز کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے حافظ سفیان کی محنت، ذوق اور شوق کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی قرآن و سنت کی روشنی میں دین کی خدمت جاری رکھے گا۔ عزیز و اقارب میں امتیاز، ریاض، طارق، اختر اور صحافی فاروق حسین نے بھی تقریب میں شرکت کی اور حافظ سفیان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ خاندان اور علاقے کے لیے یہ بہت بڑا اعزاز ہے اور ایسے بچوں کی حوصلہ افزائی معاشرے میں دینی رجحانات کو فروغ دیتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر آزمودہ اساتذہ اور شرکائے محفل نے اجتماعی دعا کی، جس میں ملک و قوم کی سلامتی، امتِ مسلمہ کی بھلائی اور خاص طور پر حافظ سفیان سلیم کی دین و دنیا کی کامیابی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ فیضانِ مدینہ کے انتظامیہ کی جانب سے حافظ سفیان کو خصوصی شیلڈ اور گفٹ بھی پیش کیے گئے۔ محفل کے بعد شرکاء کی تواضع بھی کی گئی، اور ماحول دیر تک ایمان افروز اور خوشیوں سے لبریز رہا۔
