
رپورٹ: محمد شہزاد علی مرزا
اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی عبادت کے بعد سب سے افضل عمل انسانیت کی خدمت ہے۔ یہ وہ سعادت ہے جو اللہ تعالیٰ اپنے خاص اور نیک بندوں کو عطا فرماتا ہے۔ انہی خوش نصیب لوگوں میں سے ایک نام سابق چیئرمین بلدیہ جہلم، چوہدری سعید اللہ کا ہے، جنہوں نے دو سال قبل اپنے آبائی شہر جہلم کے علاقے مشین محلہ نمبر 2 میں محمدی دسترخوان کا آغاز کرکے خدمتِ خلق کی ایک عظیم روایت ڈالی۔

گزشتہ دو برسوں کے دوران ہزاروں افراد اس دسترخوان سے مفت اور باعزت کھانا کھا چکے ہیں۔ اسلام میں کھانا کھلانے کی عظیم فضیلت بیان کی گئی ہے، اور یہی نہیں بلکہ دنیا کے تمام مذاہب بھوک مٹانے اور ضرورت مند انسانوں کی مدد کرنے کو اعلیٰ درجہ کا عمل قرار دیتے ہیں۔ محمدی دسترخوان اسی جذبۂ انسانیت اور اخوت کی عملی تصویر بن چکا ہے۔

مشین محلہ کے لیے نعمتِ غیر مترقبہ
اس مبارک اقدام میں چوہدری سعید اللہ مدبر کے ساتھ ایک مخلص ٹیم ہر روز اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ قابلِ تحسین ہیں وہ تمام معاونین جو دن رات اس کارِ خیر کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ خاص طور پر حافظ رمضان اور دیگر رضاکار جو خالصتاً رضاکارانہ بنیادوں پر اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔

مالی معاونت: ایک خاموش لیکن مضبوط سہارا
چوہدری سعید اللہ کے بیٹے نجیب اللہ (گولڈن آرٹ، مانچسٹر) اس منصوبے کے خاموش محسن ہیں۔ وہ بیرونِ ملک رہتے ہوئے بھی اپنے والد کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں اور محمدی دسترخوان کو مالی سپورٹ فراہم کرتے ہیں۔

اعترافِ خدمت
اردو گلوبل، اوپن کچن مانچسٹر اور جہلم فورم کے بانی و سرپرست نے اس موقع پر چوہدری سعید اللہ اور ان کی پوری ٹیم کی بھرپور خدمات کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ”بھوکوں کو کھانا کھلانا وہ عمل ہے جو معاشروں کو زندہ رکھتا ہے۔ محمدی دسترخوان انسانیت کے لیے امید اور رحمت کا پیغام ہے
محمدی دسترخوان نہ صرف جہلم کے لوگوں کے لیے سہولت ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے انسانیت کی خدمت کا درخشاں نمونہ بھی ہے۔ چوہدری سعید اللہ اور ان کی پوری ٹیم کی محنت، خلوص اور انسان دوستی قابلِ تحسین ہے اور اس طرح کے اقدامات معاشرے میں محبت، ہمدردی اور اتحاد کو فروغ دیتے ہیں۔
