پاکستانی کمیونٹی اور کاروباری شخصیات کی بھرپور شرکت، نعمان سعید صدر نامزد
برمنگھم (میڈ لینڈ) — پاکستان بزنس برٹش فورم نے میڈ لینڈ کی سطح پر اپنی نئی برانچ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جس کا مقصد پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کو برطانوی کاروباری دنیا میں مؤثر انداز سے متعارف کروانا اور نوجوان نسل کو کاروبار کی طرف راغب کرنا ہے۔
تقریب میں بزنس فورم کے رہنماؤں، سماجی شخصیات اور ممتاز کاروباری افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
صدر بزنس فورم منور چیچی، نائب صدر سجاد گجر اور حافظ محفوظ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورم کا بنیادی مقصد ہر طبقے کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں خدمت کا جذبہ کم ہوتا جا رہا ہے، مگر بزنس فورم نے ایک ایسا ماحول فراہم کیا ہے جہاں نوجوان اور تجربہ کار افراد مل کر کمیونٹی کی بہتری کے لیے سرگرم ہیں۔ میڈ لینڈ برانچ کا قیام اسی سلسلے کی ایک نئی اور مثبت پیش رفت ہے۔
معروف سماجی رہنما ڈاکٹر عرفات اور کمیونٹی کے ممتاز رہنما چوہدری لطیف نے کہا کہ خدمت کا جذبہ ایک خدائی نعمت ہے اور بزنس فورم نوجوان نسل کو مثبت و تعمیری سرگرمیوں کی طرف لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق فورم کی میڈ لینڈ آمد کمیونٹی میں خوشگوار تبدیلی کا باعث بنے گی۔
چیئرمین بزنس فورم قیصر چیچی نے اپنے خطاب میں کہا:
“اکیلا ہی چلا تھا جانبِ منزل نیک مقصد میں، کہ کارواں بنتا گیا… منزل ضرور ملے گی، بھٹک کر ہی سہی”
انہوں نے کہا کہ نعمان سعید جیسی قابل اور محنتی شخصیت کی قیادت فورم کے لیے خوش قسمتی ہے، جبکہ میاں مقبول جیسے تجربہ کار بزنس مین کی رہنمائی فورم کے لیے قیمتی اثاثہ ہے۔
تقریب سے تھنک ٹینکر اور سینئر صحافی وقار ملک، اور معروف کاروباری شخصیت میاں مقبول نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے بزنس فورم اور قیصر چیچی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب نیت نیک ہو اور نظریں اللہ کی رضا پر ہوں تو کامیابی قدم چومتی ہے۔ بزنس فورم نے سلاؤ سے جو سفر شروع کیا تھا، آج میڈ لینڈ تک پہنچ چکا ہے، اور یہ سبپاکستانی قوم کے لیے خلوصِ نیت کے ساتھ خدمت کرنے کا نتیجہ ہے۔
اس موقع پر معروف صحافی محمد فرحان (PK24) کی کمیونٹی کے لیے نمایاں خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کے دوران نومنتخب صدر نعمان سعید کو باضابطہ نوٹیفیکیشن پیش کیا گیا۔ تالیوں کی گونج میں عہدہ سنبھالتے ہوئے انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ بزنس فورم کے مشن کی تکمیل، نوجوانوں کی رہنمائی اور پاکستان کے وقار کی سربلندی کے لیے پوری محنت سے کام کریں گے۔ انہوں نے قیصر چیچی اور دیگر رفقاء کے اعزاز میں خصوصی ڈنر بھی دیا۔
تقریب میں صحافی چوہدری عامر خان (کونٹری سٹی) اور چوہدری عاقل نے بھی خصوصی شرکت کی۔
محمد شہزاد علی مرزا (بانی اردو گلوبل، بانی اوپن کچن مانچسٹر، بانی جہلم فورم) کی جانب سے خصوصی مبارکباد
محمد شہزاد علی مرزا نے نومنتخب صدر نعمان سعید کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نامزدگی پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعمان سعید کی قیادت بزنس فورم کے لیے نئی طاقت، نئے امکانات اور نئی کامیابیوں کی علامت ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نعمان سعید کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور ان کا یہ سفر پاکستان اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ بنے۔
