ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی نے گجرات ڈویژن کے ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کا چارج سنبھال لیا

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار)ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی نے گجرات ڈویژن کے ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کا چارج سنبھال لیا، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک محمد احمد، ڈاکٹر وسیم عباس ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک گجرات، ڈاکٹر احتشام ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک گجرات اور دیگر نے استقبال کیا اور چارج سنبھالنے پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا،ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی اس سے قبل ڈائریکٹر بہادر نگر، ڈائریکٹر ایل ایس ٹی سی، چیف ریسرچ افسر بَفلو ریسرچ انسٹیٹیوٹ پتوکی، ڈی جی لائیو اسٹاک ساؤتھ پنجاب، اور ڈائریکٹر ڈیرہ غازی خان و ملتان کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر محموداعجاز گورسی نے سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائیو سٹاک بریڈرز اور فارمرز ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی خدمت میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، سست، غیر فعال اور کاہل ملازمین اپنے رویّے اور کارکردگی کو فوراً بہتر بنائیں اگر کوئی اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیاتو اسے محکمہ سے فارغ کردیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران اور پیرا میڈیکل سٹاف کی نہ صرف بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی بلکہ انہیں اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بروقت اور معیاری کام ان کی اولین ترجیح ہے، گجرات ڈویژن میں لائیو اسٹاک سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرکے دودھ اور گوشت کے انقلاب کی بنیاد رکھی جائے گی،ویکسینیشن، ڈی ورمنگ اور علاج معالجہ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا جبکہ سروسز فارمرز کی دہلیز تک پہنچائی جائیں گی۔ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی نے اس موقع پر مزید کہا کہ پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ کے ذریعے ملک میں گوشت کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا، زرعی زمینوں کی تقسیم اور چھوٹے یونٹس میں بدلنے کے بعد لائیو اسٹاک واحد سیکٹر ہے جس نے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت اختیار کر لی ہے، قومی جی ڈی پی میں لائیو اسٹاک کا حصہ 16 فیصد جبکہ ایگریکلچر کے 23 فیصد میں سے 60 فیصد لائیو اسٹاک پر مشتمل ہے۔فارمرز کو پیغام دیتے ہوئے ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی نے کہا کہ روایتی ٹوٹکوں سے پرہیز کریں، بروقت ویٹرنری ماہرین سے علاج کرائیں، اعلیٰ نسلی جانور پالیں، مصنوعی نسل کشی کے ذریعے اپنی ڈیری اور بریڈنگ کو بہتر بنائیں اور کم جانوروں سے زیادہ پیداوار حاصل کریں، جانور پال حضرات ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں اور ان کی خدمت ہمارا مشن ہے۔ کام چور اور غیر حاضر ملازمین کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ لائیو اسٹاک کی ہر ممکن سروس ہر فارمر کی دہلیز تک پہنچے گی اور ڈویژن گجرات کو ایک مثالی لائیو اسٹاک ہب بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں