اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کا تعلیمی اداروں کا دورہ

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کا تعلیمی اداروں کا دورہ فلاحی سرگرمیوں، تحائف کی تقسیم اور ترقیاتی منصوبوں میں شرکت گکھڑ شہر میں اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جناب جواد حسین پیرزادہ نے مختلف تعلیمی اداروں کے دورے کیے، جہاں طالبات و طلباء میں موسم سرما کے تحائف تقسیم کیے گئے اور تعلیمی و فلاحی منصوبوں میں شرکت کی گئی۔ ان سرگرمیوں میں صدر گکھڑ پریس کلب میاں صبیح الرحمن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول گکھڑ میں خالدہ بصری ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام طالبات میں موسم سرما کی جرسیوں اور جوتوں کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے چیف گیسٹ اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جناب جواد حسین پیرزادہ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے سکول کے نظم و ضبط، صفائی، تعلیمی ماحول اور پرنسپل و سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لیب، کلاس رومز اور مجموعی اپ گریڈیشن کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا۔چئیرمین خالدہ بصری ویلفیئر ٹرسٹ اور صدر گکھڑ پریس کلب میاں صبیح الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدمتِ خلق کا جذبہ انہیں وراثت میں ملا ہے اور شہر کی بیٹیوں کو سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کی قیادت اور فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی سے اہلِ ثروت میں خدمتِ انسانیت کا نیا جذبہ پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے سکول کی پرنسپل محترمہ عروج مبشر چیمہ کی قابلیت اور تخلیقی سوچ کی بھی تعریف کی، جن کی قیادت میں ادارہ تیزی سے پنجاب کے مثالی تعلیمی اداروں میں شامل ہو رہا ہے۔
گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2 گکھڑ میں ایلومینائی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام طالبات میں موسم سرما کے تحائف کی تقسیم کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں صبیح الرحمن نے کہا کہ طلباء کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک روشن مستقبل کی ضمانت ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد نے ایلومینائی ایسوسی ایشن اور اہلِ گکھڑ کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گکھڑ شہر نیکی اور خدمت کے کاموں میں دیگر علاقوں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال بنتا جا رہا ہے۔دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جناب جواد حسین پیرزادہ اور صدر گکھڑ پریس کلب میاں صبیح الرحمن نے گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 6 گکھڑ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکول کے انفراسٹرکچر، نظم و ضبط اور بیوٹیفکیشن کو سراہا۔ طلباء میں تحائف تقسیم کیے گئے اور ان کی تعلیمی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اسی موقع پر سکول میں نئے بلاک کی تعمیر کا سنگِ بنیاد بھی رکھا گیا، جو حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن “سرکاری سکول، معیاری سکول” کی عملی تعبیر ہے۔آخر میں سکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول گکھڑ کی پرنسپل محترمہ عروج مبشر چیمہ، گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2 گکھڑ کی پرنسپل محترمہ حافظہ سائرہ، جبکہ گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 6 گکھڑ کے ہیڈ ٹیچر امتیاز احمد نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد اور میاں صبیح الرحمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سرگرمیاں تعلیمی ماحول کی بہتری اور طلباء کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کریں گی۔
اس موقع پر مخیر حضرات اور ایلومینائی ایسوسی ایشن بالخصوص میاں ارشاد احمد اور ان کے دیگر ساتھیوں کی خدمات کو بھی سراہا گیا، جن کے تعاون سے یہ فلاحی اقدامات ممکن ہو سکے، جبکہ گکھڑ پریس کلب کے تمام اراکین نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں