ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد نوید احمد نے علی پورچٹھہ کا تفصیلی دورہ کیا

Spread the love

وزیرآباد(نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد نوید احمد نے علی پورچٹھہ کا تفصیلی دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول، جناح لائبریری، مریم نواز ہسپتال، پارک، مین بازار اور دیگر اہم عوامی مقامات کا معائنہ کیا۔ دورے کا مقصد وزیراعلیٰ پنجاب کے ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے تحت تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم، شہری سہولیات اور عوامی خدمات کی بہتری کا جائزہ لینا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے سب سے پہلے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول علی پورچٹھہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کلاس رومز، لیبارٹریز، فرنیچر، صفائی ستھرائی، اساتذہ کی حاضری اور طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے اساتذہ سے ملاقات کی اور طالبات سے تعلیمی سرگرمیوں، حاضری اور درپیش مسائل کے حوالے سے براہِ راست گفتگو کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی فراہمی اور بہتر سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تدریسی معیار مزید بہتر بنایا جائے، نظم و ضبط اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ طالبات کے لیے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سکول کو درپیش جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔اسی تسلسل میں ڈپٹی کمشنر نے کلاسکے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا بھی دورہ کیا اور تعلیمی سہولیات، اساتذہ کی کارکردگی اور طالبات کی تعداد کا جائزہ لیا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے جناح لائبریری علی پورچٹھہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گلریز افضل نے لائبریری کی تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی، نئی کتب کی دستیابی، عمارت کی دیکھ بھال اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تاریخی لائبریری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور نوجوان نسل میں کتب بینی کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مقامی تاریخ اور علاقائی ثقافت سے متعلق کتب کو لائبریری کا حصہ بنانے پر بھی زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مین بازار، پارک اور سرکاری ہسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ان کے دورے کے دوران بازار میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ تاہم عوامی و سماجی حلقوں نے اس موقع پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں میں طلبہ و طالبات کی تعداد ضرورت سے زیادہ ہے جبکہ بنیادی سہولیات، کلاس رومز اور اساتذہ کی کمی جیسے مسائل بدستور موجود ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامی دوروں کا مقصد محض معائنہ نہیں بلکہ زمینی حقائق کے مطابق عملی احکامات کا جائزہ، ان پر عملدرآمد اور اصلاحی اقدامات ہونا چاہیے تاکہ یہ دورے خانہ پری تک محدود نہ رہیں بلکہ حقیقی بہتری کا سبب بنیں۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ ڈپٹی کمشنر کے اس دورے کے نتیجے میں تعلیم، صحت اور شہری سہولیات کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے گا اور علی پورچٹھہ کے عوام کو اس کے مثبت نتائج جلد دیکھنے کو ملیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں