علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی کی لکھی گئی شرح “کحل البصر فی شرح اصول المظفر” کی تقریب رونمائی

Spread the love

وزیرآباد (نامہ نگار) شیعہ علماء کونسل پاکستان شمالی پنجاب کے صدر اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان شمالی پنجاب کے سینئر نائب صدر علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی کی لکھی گئی شرح “کحل البصر فی شرح اصول المظفر” کی تقریب رونمائی گزشتہ روز منعقد ہوئی۔ ” اصول المظفر” شیخ مظفر رحمتہ اللہ علیہ کی ایسی کتاب ہے جو کہ پاکستان ، افغانستان اور ہندوستان کے مدارس دینیہ اور حوزات علمیہ قم، نجف اور کربلا کے نصاب میں شامل ہے ۔ بعض مدارس دینیہ میں “حلقات شہید صدر” اور ” اصول المظفر” کے درمیان طالب علم کو اختیار دیا جاتا ہے کہ ان میں سے جس کتاب کو انتخاب کر لیں جبکہ اس وقت اصول المظفر ہی اکثر حوزات علمیہ میں مروج ہے، علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے پانچ جلدوں پر مشتمل “کحل البصر” کے نام سے اس کتاب کی مبسوط شرح لکھی ہے، تقریب رونمائی میں سنی و شیعہ علماء کرام اور تنظیمی دوستوں نے بھرپور شرکت کی، علامہ سید حسنین رضا کاظمی نے نقیب ممبر کے فرائض سر انجام دیے جبکہ علامہ سید ساغر نقوی نے استقبالیہ کلمات کہتے ہوئے کہا کہ اصول الفقہ کی یہ شرح مدارس دینیہ کے طلباء و اساتذہ کے لیے مددگار و معاون ثابت ہو گی، علامہ سید مظہر حسین کاظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تنظیمی مصروفیات کے ساتھ یہ مبسوط شرح صوبائی صدر کے محنتی ہونے اور علم دوستی کی واضح دلیل ہے، صوبائی صدر علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے اپنے خطاب میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس علمی اثاثہ کو اساتذہ،والدین اور مومنین کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا، صوبائی صدر نے مزید کہا کہ جس طرح “علم اصول الفقہ” فقہ کا محو و مرکز ہے اسی طرح قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی وطن عزیز میں تشیع کا محو و مرکز ہیں، جس طرح اصول الفقہ سے جڑے رہنے والے علماء / فقہ میں مضبوط ہوتے ہیں اسی طرح قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اپنے مرکز سے وابستہ افراد اپنے حقوق کو منوانے میں مضبوط ہوتے ہیں، جس طرح چکی کے قطب سے چمٹا ہوا دانہِ گندم پسنے سے محفوظ رہتا ہے اسی طرح مرکز سے جڑے ہوئے افراد بھی ظلم کی چکی میں پسنے سے محفوظ و مامون رہیں گے، اس موقع پر سید اعجاز حسین شاہ بخاری، سید علی انصر زیدی، سید اصغر حسین بخاری، سید عمران ضمیر اور اہلسنت والجماعت سے تعلق رکھنے والے محمد شفیق کمالی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں