برطانوی پارلیمنٹ کے رکن ڈیوڈ ولیمز (MP for Stoke-on-Trent North) نے دسمبر 2025 میں جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق اور خودارادیت کے حق میں برطانوی پارلیمنٹ کی کمیٹی کے سامنے ایک بہت اہم اور پرجوش خطاب کیا۔

Spread the love

لندن عارف چودھری

ان کا کہنا تھا کہ میرے حلقے (اسٹوک آن ٹرینٹ نارتھ) میں مقامی کونسلروں ماجد خان ،امجد وزیر ،جاوید نجمی اورمطلوب بٹ نے میری توجہ دلاتے ہوئے مسئلہ کشمیر اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے آگاہی دی ۔کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد سٹوک آن ٹرینٹ میں آباد ہے، جن کے لیے کشمیر کا مسئلہ کوئی دور دراز کا معاملہ نہیں، بلکہ ان کے خاندانوں اور جذبوں سے جڑا ہوا ہے۔ میں اپنے ان تمام ووٹرز اور کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ کھڑا ہوں جو اس بحران کے بارے میں آواز اٹھا رہے ہیں۔
کشمیر میں شہری آزادیوں پر پابندیاں، بلاجواز گرفتاریاں اور سیاسی حقوق کی نفی انتہائی تشویشناک ہے۔ ہم صرف لفظی ہمدردی پر اکتفا نہیں کر سکتے، اب وقت ہے کہ ان مظالم کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں ۔ کشمیری عوام کو اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ میں اپنی حکومت (لیبر حکومت) پر زور دیتا ہوں کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ جموں و کشمیر میں خودارادیت کے عمل کو فروغ دیا جا سکے۔ دہائیوں سے جاری اس جدوجہد کو اب محض بات چیت سے حل نہیں کیا جا سکتا عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ برطانیہ کا اس خطے کے ساتھ ایک گہرا اور تاریخی تعلق ہے۔ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم خاموش تماشائی بننے کے بجائے امن و استحکام اور کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں ۔ہم مزید اسی پر انحصار نہیں کر سکتے کہ صرف بحث و مباحثہ اس دیرینہ تنازع کو حل کر دے گا۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس تنازع کے حل میں اپنا سنجیدہ کردار ادا کریں اور خطے میں پائیدار امن کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں