وزیرآباد (حکیم رفعت نسیم سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے احاطہ اسسٹنٹ کمشنر کورٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر فوری انصاف اور مسائل کے حل کی سہولت فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ، تحصیلدار وزیرآباد عون عباس چٹھہ سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران بھی موقع پر موجود تھے۔ کھلی کچہری کے دوران زمین، ریونیو اور دیگر عوامی نوعیت کے مسائل پر شہریوں کی شکایات سنی، انتظامیہ نے اب تک 60 سے زائد فریقین کے درمیان افہام و تفہیم کے ذریعے معاملات حل کروائے اور متعدد درخواست گزاروں کو ان کے جائز حقوق دلائے گئے۔ بعض معاملات پر متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں، جبکہ چند درخواستوں کو مزید تفتیش کے لیے مقررہ وقت میں نمٹانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ کھلی کچہری میں سینکڑوں کی تعداد میں سائلین شریک ہوئے، جنہوں نے انتظامیہ کے سامنے اپنے مسائل براہِ راست پیش کیے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کھلے اور عوام دوست اقدامات سے نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہوتی ہے بلکہ عوام کا انتظامیہ پر اعتماد بھی بحال ہوتا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا فوری اور شفاف حل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
