بزم راحت سخن اور خیال نو کے زیر اہتمام رثائی ادب کانفرنس کا انعقاد

Spread the love

لاہور ( اردو گلوبل نیوز حکیم رفعت نسیم )
بزمِ راحتِ سخن اور خیالِ نو کے زیرِ اہتمام ایک شاندار رثائی ادب کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔ دبستانِ لاہور کی تاریخ میں یہ ایک معتبر ترین کانفرنس تھی جو رثائی ادب کے حوالے سے منعقد کی گئی جس میں شعراء و ادباء ، سکالرز ، سماجی شخصیات اور سوشل میڈیا سے وابستہ اہم ہستیوں نے شرکت کی۔اس بابرکت تقریب کی صدارت ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر بابر زیدی کے ذمہ رہے۔ تقریب کاآغاز اللہ تعالیٰ کے بابرکت کلام سے کیا گیا ۔ نوجوان شاعر احسان علی حیدر نے خوبصورت لحن کے ساتھ نعتِ رسولِ مقبول پیش کی اور خوب داد سمیٹی ۔ شاعرِ اہلِ بیت سید محمد باقر زیدی صاحب نے سلام کے اشعار پیش کئے تو ہال داد و تحسین سے گونج اٹھا ۔ بھائی کاظم ناصری نے میر انیس کے مرثیہ سے چند بند اپنے مخصوص انداز میں پیش کئے اور محفل کا رنگ بدل کر رکھ دیا ۔ خیالِ نو کے جنرل سیکرٹری بھائی حنین زیدی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ کانفرنس کے مقالہ نگاروں میں ڈاکٹر سید ازور شیرازی ، ڈاکٹر ارسلان راٹھور اور ڈاکٹر عرفی ہاشمی شامل تھے ۔ کراچی سے تشریف لائے محقق اور تحت اللفظ مرثیہ خوان جناب جاوید حسن نے بھی میر انیس کے حوالے سے ایک یادگار مضمون پیش کیا اور خوب داد پائی۔ تقریب کے اختتام پر صدرِ مجلس ڈاکٹر بصیرہ عنبرین نے بصیرت افروز خطبہ عنایت فرمایا اور اپنی عمدہ گفتگو سے کانفرنس کا مکمل احاطہ کیا ۔ ڈاکٹر صاحبہ کا یہ خطبہ بلاشبہ خاصے کی چیز تھی۔ نامور نوحہ نگار جناب مظہر عابدی کو نجم آفندی ایوارڈ برائے اعترافِ خدمات سے نوازا گیا جبکہ دیگر شرکاء کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔ میں اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر بزمِ راحتِ سخن اور خیالِ نو کی انتظامیہ اور بھائی کاظم ناصری اور ان سے وابستہ ایک ایک فرد کو میرا سلام ہو یہ وہ لوگ ہیں جو پوری دلجمعی سے رثائی ادب کی ترویج و آبیاری میں لگے ہوئے ہیں۔ لاہور کی ادبی تاریخ میں یہ کانفرنس ایک سنگِ میل کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں