
دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بوکن شریف کے پرنسپل اور معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر سید حامد فاروق بخاری کی تصنیف “عصرِ حاضر کے مسائل کا قرآنی حل” کی پروقار تقریبِ رونمائی دارالعلوم بوکن شریف میں منعقد ہوئی، جس میں علماء، اساتذہ، محققین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی علمی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید حامد فاروق بخاری نے کہا کہ قرآنِ مجید محض تلاوت یا ثواب کی کتاب نہیں بلکہ ہر دور کے انسان کے فکری، اخلاقی، سماجی اور روحانی مسائل کا مکمل اور قابلِ عمل حل پیش کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس کتاب کی نسبت اپنی ذات کی طرف کرنا درست نہیں، اگر اس میں کوئی خیر، افادیت یا اثر ہے تو وہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے۔
تقریب میں ڈاکٹر شعیب عارف، علامہ حیدر علوی، ڈاکٹر شہباز احمد چشتی، ڈاکٹر طارق سلیم، علامہ انیس احمد اور صاحبزادہ فہیم شہزاد بخاری نے بطور مقررین اظہارِ خیال کرتے ہوئے کتاب کو عصرِ حاضر میں قرآن فہمی کی ایک سنجیدہ، متوازن اور بصیرت افروز علمی کاوش قرار دیا اور اس کی فکری و عملی اہمیت کو اجاگر کیا۔
تقریب کی صدارت اور اختتامی دعا پیر سید زاہد صدیق بخاری نے کی۔ انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس علمی خدمت کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اسے امت کے لیے ذریعۂ ہدایت بنائے اور مصنف کو قرآنِ حکیم کی مزید خدمت کی توفیق عطا کرے۔
آخر میں شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کتاب علمی و فکری حلقوں میں مثبت مکالمے کو فروغ دے گی اور قارئین کو قرآنِ مجید سے عملی وابستگی کی طرف متوجہ کرے گی-
