جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم شہر و گردونواح کے علاقوں میں غیر معیاری اور ناقص آٹے کی کم وزن روٹی کی فروخت جاری، شہری بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے، روٹی و نان کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ، شہر بھر کے درجنوں سے زائد تندوروں پر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے برابر، تندور و نانبائیوں نے روٹی کے وزن میں بھی غیر معمولی کمی کر دی، شہریوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے مطالبہ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر کے تندور مالکان نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم دلچسپی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے روٹی کے نرخوں میں اضافہ کرکے وزن میں کمی کردی ہے، جس کیوجہ سے غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد زہنی کوفت میں مبتلا ہو چکے ہین، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے روٹی کا وزن 100 گرام مقرر کرکے روٹی کی قیمت 7 روپے مقرر کی تھی اور نان کی قیمت 10 روپے مقرر کر رکھی تھی، چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج ہونے کیوجہ سے نان بائیوں نے خود ساختہ نرخ مقرر کرکے روٹی کی قیمت 10 روپے جبکہ نان کی نئی قیمت 15 روپے مقرر کرکے فروخت شروع کر دی ہے۔ جس کی بنیادی وجہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم دلچسپی ہے، نان بائیوں نے ضلع بھر میں ایکا کرکے خود ساختہ مقرر کرکے نرخ نامے اتار دیئے ہیں، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ نرخوں میں خود ساختہ اضافہ اور وزن میں کمی کرنے والے تندورمالکان و نان بائیوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ محنت کش طبقہ حکومت کے مقررکردہ نرخوں پر روٹی خرید کر بچوں کا پیٹ پال سکے۔
