جہلم (محمد نوید راجہ)
جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں قائم متعدد پٹرول پمپس، میرج ہالز، مارکیز اور ہوٹلوں پر حفاظتی (سیفٹی) انتظامات کی عدم موجودگی نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ ناقص اور نامکمل سیفٹی انتظامات کے باعث شہریوں کے سروں پر خوف کے سائے منڈلانے لگے ہیں، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہےشہریوں کا کہنا ہے کہ بیشتر پٹرول پمپس اور شادی ہالز میں فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی اخراجی راستے، فائرالارم سسٹم، ریت اور پانی کی دستیابی یا تو موجود ہی نہیں یا پھر ناقابلِ استعمال حالت میں ہیں۔ اسی طرح کئی مقامات پر عملے کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی کوئی تربیت نہیں دی گئی، جو ایک سنگین غفلت کے مترادف ہےعوامی حلقوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ سول ڈیفنس کے قواعد و ضوابط اور حفاظتی قوانین ہونے کے باوجود ان پر مؤثر عملدرآمد نظر نہیں کیا جارہا، جس کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کنٹرولر سول ڈیفنس اس صورتحال کا نوٹس لیں اور ضلع بھر میں قائم پٹرول پمپس،پلازوں، شاپنگ مالز ،میرج ہالز، مارکیز اور بڑےہوٹلوں کا جامع معائنہ کروایا جائےشہریوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ جن مالکان نے سیفٹی قوانین کو نظرانداز کر رکھا ہے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ مستقبل میں کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکےعوامی و سماجی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دے کر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے گی، تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنی روزمرہ سرگرمیاں انجام دے سکیں۔
