وزیرآباد(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کا اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ کے ہمراہ اچانک تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال وزیرآباد کا دورہ،مریضوں سے سہولیات بارے استفسار کیا اور صفائی ستھرائی کو چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے وزیرآباد تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے دستیاب طبی سہولیات بارے استفسار کیا۔انہوں نے ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز و طبی عملہ کی حاضری اور صفائی ستھرائی کے امور بھی چیک کئے۔ ٹراما سنٹر، ایمرجسنی، مختلف وارڈز سمیت فارمیسی, آپریشن تھیٹرز اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ہسپتال میں نئی قائم کی گئی خوبصورت وال کو بھی دیکھا انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازشریف کی اولین ترجیحات میں ہے اور ان سرکاری ہسپتالوں میں معیاری علاج کی فراہمی کو یقینی بنانا مجھ سمیت ڈاکٹرز و طبی عملہ کی ذمہ داری ہے۔
