وزیرآباد ( حکیم رفعت نسیم سے) شہر وزیرآباد میں صفائی ستھرائی کی ناقص کارکردگی پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر، نالیاں بند اور کوڑا کرکٹ طویل عرصے سے نہ اٹھائے جانے کے باعث علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محلہ سیٹھاں نظام آباد، دھونکل روڈ، گلی صحافی شکیل اعوان والی اور بستی قدرت آباد میں صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود متعلقہ عملہ صفائی باقاعدگی سے کوڑا اٹھانے میں ناکام ہے، جس کے باعث تعفن پھیل رہا ہے اور بیماریاں جنم لینے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ گندگی کے باعث بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ مچھروں اور مکھیوں کی بہتات نے حالات مزید خراب کر دیے ہیں۔ اہل علاقہ نے انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور باقاعدہ کوڑا اٹھانے کا انتظام یقینی بنایا جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔
