وزیرآباد( حکیم رفعت نسیم سے) محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ سرپرستِ اعلیٰ اعوان اتحاد وزیرآباد خالد حسین اعوان کی رہائش گاہ پر نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ محفل میں چیئرمین اعوان اتحاد وزیرآباد ڈاکٹر نسیم الرحمن ہزاروی اعوان، صدر اعوان اتحاد احمد حسن اعوان، جنرل سیکرٹری محمد افضال اعوان سمیت اعوان اتحاد کے دیگر عہدیداران اور معزز اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے حضور نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، تعلیمات اور آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرے میں امن، بھائی چارہ اور رواداری کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ محفل کے اختتام پر ملکی ترقی، امن و امان، خوشحالی، امتِ مسلمہ کی سربلندی اور بالخصوص فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
