بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان کی تاریخی رہائشگاہ کو قومی ورثہ قرار دینے کا زور دار مطالبہ۔

Spread the love

وزیرآباد( حکیم رفعت نسیم سے) بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان کی تاریخی رہائشگاہ کو قومی ورثہ قرار دینے کا زور دار مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک پاکستان کے عظیم ہیرو بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان کی سیالکوٹ روڈ کرم آباد، وزیرآباد میں واقع رہائشگاہ کو قومی ورثہ قرار دینے کا مطالبہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ وزیرآباد کی نمایاں ادبی، صحافتی، علمی اور سماجی شخصیات نے متفقہ طور پر حکومتِ پاکستان اور متعلقہ ثقافتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس عظیم قومی رہنما کی رہائشگاہ کو فوری طور پر قومی ورثہ کا درجہ دیا جائے، بالکل اسی طرح جیسے علامہ محمد اقبالؒ اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی رہائش گاہوں کو محفوظ کیا گیا ہے۔ ادبی و صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ مولانا ظفر علی خان برصغیر کی آزادی کی تحریک، اردو صحافت اور قومی شعور کے معمار تھے۔ ان کی کرم آباد میں واقع رہائشگاہ محض ایک عمارت نہیں بلکہ ایک تاریخی ورثہ ہے جہاں سے برصغیر کی فکری، سیاسی اور صحافتی تاریخ کے اہم ابواب جڑے ہوئے ہیں۔ شہری حلقوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ حکومتی عدم توجہی کے باعث یہ قیمتی تاریخی عمارت خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے، جو قومی تاریخ سے ناانصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس رہائشگاہ کو فوری طور پر قومی ورثہ قرار دے کر محفوظ نہ کیا گیا تو آنے والی نسلیں اپنی عظیم تاریخ سے محروم ہو جائیں گی۔ ادبی و صحافتی شخصیات نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس رہائشگاہ کو نہ صرف قومی ورثہ قرار دیا جائے بلکہ یہاں مولانا ظفر علی خان کی خدمات کے حوالے سے ایک میوزیم، تحقیقی مرکز اور ادبی سرگرمیوں کا مستقل مرکز بھی قائم کیا جائے تاکہ نوجوان نسل اپنی تاریخ اور قومی ہیروز سے آگاہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں