واہ کیا بات ہے دنیائے ادب کے عظیم انسان تیری بیمثال سادگی پر قربان

Spread the love

یادوں کا جھونکا۔۔۔اشکوں کی برسات
از قلم:
فقیر محمد اسلم رضوی چشتی (خلیفہ مجاز آستانہ عالیہ بھیرہ شریف)
دارالعلوم محمدیہ غوثیہ کے پہلے طالب علم پہلے فارغ التحصیل عالم دین حضور ضیاءالامت کے گلشن علم و معرفت کے پہلے پھول ہزاروں علماء میں سے وہ یکتائے زمانہ انسان جن کو ان کے استاد محترم اور شیخ طریقت حضرت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللّٰہ علیہ نے عبقری کا لقب عطا فرمایا۔
ایسی نادر الوجود شخصیت جو عربی ادب میں اہل عرب کو حیرت میں ڈال دیں۔ جن کی صحبت میں گھنٹوں بیٹھنے والا بھی بوریت کا شکار نہ ہو۔۔۔۔۔۔میری مراد استاذی المکرم شیخ الادب حضرت علامہ مولانا عطا محمد ملک صاحب مدظلہ العالی ہیں۔ان کی چند باتیں انہی کی زبانی پیش خدمت ہیں۔
فرماتے ہیں۔۔۔۔۔۔میں بھیرہ شریف داخل ہوا تو ایک سال بعد حضور ضیاءالامت رحمۃ اللّٰہ علیہ ہمارے علاقہ(چکڑالہ ضلع سرگودھا) میں تشریف لے گئے آپ نے چشتیوں کے گھر رات قیام فرمایا میں بھی آپ کے پاس ہی رہا لیکن کسی کودکِ نادان کی طرح اپنے گھر میں تشریف آوری کی دعوت نہ دے سکا۔ذہن میں یہ تھا کہ پیر صاحب اپنے مریدوں کے سوا کسی کے گھر نہیں جاتے اور نہ کسی کی دعوت قبول کرتے ہیں کسی نے بغیر تحقیق کے یہ بات کر دی اور میرے دل میں بیٹھ گئی۔اس وجہ سے گزارش نہ کر سکا صبح اپنے پیار کو حیرت کے لباس میں ملبوس کر کے ارشاد فرمانے لگے!!!
ارے عبقری!!!!
تمہارا گھر بھی اسی گاؤں میں نہیں ہے؟؟؟؟
میں نے ندامت کا پسینہ پونچھتے ہوئے عرض کی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔حضور ادھر ہی ہے پھر پیار کے تیر کا کچوکا لگا کے ارشاد فرمایا:
وہاں کوئی بیٹھنے کی جگہ بھی ہے؟؟؟؟
میں نے عرض کی حضور کیوں نہیں۔۔۔۔۔آپ نے فرمایا چلو پھر آپ کے گھر چلتے ہیں۔۔۔۔یہ جملہ تھا کہ باد صبا کا زندگی بخش جھونکا۔۔۔۔۔۔۔۔کبھی یہ کرم سوچا بھی نہیں تھا۔۔۔۔۔۔۔۔صحن دل میں خوشیوں کی کئی کلیاں مہکتا گلاب ہو گئیں۔۔۔۔۔۔خوشی کے ساتھ ساتھ ایک احساس کم مائیگی بھی تھا کہ کہاں ہماری کٹیا اور کہاں آپ کے قدم مبارک۔۔۔۔۔۔۔بہر حال۔۔۔۔۔آپ نے قدم رنجہ فرمایا۔۔۔۔۔ہمارے بھاگ جگائے۔۔۔۔۔۔۔میری والدہ ماجدہ دیہاتی آداب ضیافت کے مطابق دودھ کا پیالہ لے آئیں۔۔۔۔۔میرے والدین آج اتنے مسرور تھے کہ ان ان کے پاؤں زمین پر نہیں ٹک رہے تھے۔۔۔۔۔۔۔تھوڑی دیر میں صدیوں کی برکتیں ہمیں عطا فرما کے آپ تشریف لے جانے لگے تو میرے والد گرامی نے حسب توفیق نذرانہ پیش کیا۔۔۔۔۔۔۔۔آپ نے نذرانہ واپس کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:
ملک صاحب! آپ نے جو اپنے لخت جگر کی صورت میں ہمیں نذرانہ دیا ہوا ہے یہی کافی ہے۔۔۔۔۔۔۔آپ کو مزید کسی تکلف میں پڑنے کی ضرورت نہیں۔۔۔۔۔۔ہاں میری یہ بات توجہ سے سن لیں۔۔۔۔عزیزم ملک عطا محمد جو آپ نے مجھے نذرانہ دیا ہوا ہے یہ آپ نے مجھ سے مانگنا نہیں ہے۔۔۔۔۔یاد رکھنا یہ میں آپ کو واپس نہیں کروں گا۔۔۔۔۔۔بس اور کسی نذرانے کی مجھے ضرورت نہیں۔۔۔۔۔پھر آپ اپنے ارادت مندوں کے گھر ٹھٹھی لمی تشریف لے گئے اور وہاں سے پھر بھیرہ شریف واپس تشریف لے آئے۔۔۔۔۔۔ہمارے گھر کے جس کمرہ میں آپ تشریف فرما ہوئے وہ آج تک ہلکی پھلکی مرمت کے ساتھ جوں کا توں موجود ہے۔۔۔۔۔۔تقریبا دس سال قبل۔۔۔۔۔۔۔۔۔جب ہم نے نئی تعمیر کے لیے پرانا گھر گرانے کا پروگرام بنایا تو میری اہلیہ مرحومہ نے بہت زور دے کر کہا کہ جس کمرے میں ہمارے مرشد کریم تشریف فرما ہوئے تھے۔۔۔۔۔ہم نے اس کمرے کو نہیں گرانا لہذا وہ کمرہ ویسے ہی اپنی پرانی وضع پر موجود ہے۔۔۔۔۔اور حضور ضیاءالامت رحمۃ اللّٰہ علیہ کے قدم مبارک چومنے پر آج بھی نازاں محسوس ہوتا ہے۔۔۔۔اسی کی بوسیدہ کچی اور پرانی دیواروں پر نظر پڑتی ہے تو ایسے لگتا ہے جیسے ایل-سی-ڈی لگی ہو اور اس پر حضرت ضیاء الامت رحمۃ اللّٰہ علیہ کی تشریف آوری کے خوبصورت مناظر چل رہے ہوں۔۔۔۔۔اس کمرے سے ہمیں آج بھی حضرت ضیاء الامت کی خوشبو آتی ہے۔۔۔۔۔بس کیا پوچھتے ہو!!!!!
یادوں کا اک جھونکا آیا ہم سے ملنے برسوں بعد
پہلے اتنے روئے نہیں تھے جتنے روئے برسوں بعد
وہ دن بھی سبحان اللہ
کیا دن تھے ان کا چہرہ۔۔۔۔۔ہماری آنکھیں۔۔۔۔۔ان کی باتیں۔۔۔۔۔ہمارے کان۔۔۔۔۔وہ میٹھا میٹھا لہجہ۔۔۔۔۔۔وہ ہلکی ہلکی مسکراہٹیں نہیں بھول پائیں گے واللہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں