وزیرآباد(نامہ نگار) انتظامیہ کی جانب سے بے زبان جانوروں کے خلاف مبینہ طور پر جاری کارروائیاں شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پہلے آوارہ جانوروں کو زہر دے کر مارا جاتا رہا، تاہم اب اس پر بھی اکتفا نہ کیا گیا اور جانوروں کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں مختلف علاقوں میں جانوروں کو سر پر گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتارا گیا، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ کار نہ صرف غیر انسانی بلکہ سراسر ظلم کے مترادف ہے۔
شہر کی سیاسی اور سماجی تنظیموں نے ان واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کے اس اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔ سماجی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بے زبان جانوروں کو اس طرح ہلاک کرنا انسانی اقدار اور قانون دونوں کے خلاف ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ جانوروں کے مسئلے کے حل کے لیے مہذب اور قانونی طریقہ اختیار کیا جائے۔
شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور جانوروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
