وزیرآباد(نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ نے علی پور چٹھہ میں جاری پی ڈی پی اسکیم جامع ترقیاتی پیکج کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی اور تکمیل کے مراحل میں موجود کاموں کا معائنہ کیا۔ پی ڈی پی اسکیم کے تحت علی پور چٹھہ میں شہری بہتری، نکاسیٔ آب، صفائی، خوبصورتی اور پائیدار سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک جامع ترقیاتی منصوبہ جاری ہے، جس میں متعدد پیکجز شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت سیوریج سسٹم کی فراہمی و تنصیب اور ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر، اسٹارم واٹر ڈرینیج سسٹم خصوصاً مون سون میں پانی جمع ہونے سے بچاؤ کے لیے، فٹ پاتھوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور فورس مین کی تنصیب، ڈسپوزل اسٹیشنز کی سولرائزیشن، آر سی سی مین ہول کورز کی فراہمی، لیکوئیڈ ویسٹ مشینری و آلات کی خریداری اور گرین ایریاز کی بحالی و خوبصورتی میں اضافہ شامل ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ فیز ون کی تکمیل کا ہدف 31 مئی مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پورے میونسپل کمیٹی ایریا کی ری ویمپنگ، ٹف ٹائلنگ، سیوریج مسائل کا مستقل حل اور مین ہول کورز کی تنصیب منصوبے کے اہم اجزاء ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات میسر آ سکیں۔
جائزہ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران شریک تھے، جن میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کےانچارج بریگیڈیئر اسد علی بھی شامل تھے۔
