وزیرآباد (نامہ نگار)ریلوے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خیبر میل ٹرین میں واردات کرنے والے ایک خطرناک چور کو گرفتار کر کے مسافر کا لوٹا گیا سامان برآمد کر لیا۔ اسلم ولد عبدالستار سکنہ پشاور جو اپنی فیملی کے ہمراہ پتوکی سے پشاور جا رہے تھے، خیبر میل میں سفر کے دوران ایک نامعلوم چور نے ان کا پرس چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی شور و متاثرہ مسافر کی فوری اطلاع پر ریلوے پولیس نے الرٹ ہو کر ٹرین کے گردونواح میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔چور ٹرین سے اتر کر جھاڑیوں میں چھپ گیا تھا تاہم ریلوے پولیس کے اہلکاروں نے تعاقب کرتے ہوئے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے ملزم کو گھیرے میں لے کر گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عرفان علی ولد معشوق حسین سکنہ سبز پیر دربار محلہ شوکت کالونی بیگم کوٹ لاہور کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے مسروقہ پرس، ایک موبائل فون، دو عدد سونے کی انگوٹھیاں، ایک نقلی انگوٹھی اور تین سو روپے نقدی برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دیے۔ ریلوے پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ کسی منظم گروہ کا حصہ تو نہیں۔ متاثرہ مسافر اسلم نے ریلوے پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس فوری ایکشن نہ لیتی تو ان کا قیمتی سامان ہمیشہ کے لیے ضائع ہو جاتا۔شہریوں نے ایس ایچ او ریلوے پولیس عمار گجر اور ٹیم کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے عوام کا اعتماد بحال ہوتا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کو واضح پیغام ملتا ہے کہ قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچ سکتا۔
